عراق

شامی زلزلہ زدگان کیلئے امداد لے جانیوالے قافلوں پر امریکی حملے کا خدشہ ہے، مہند العقابی

شیعیت نیوز:عراق کی دفاعی فورس حشد الشعبی کے انفارمیشن ہیڈ مہند العقابی نے کہا کہ ہم نے شامی عوام کی مدد کے لیے ایک بڑی مہم شروع کی ہے، اس کے علاوہ طبی و غذائی امداد کے ساتھ ساتھ ملبے تلے دبے پھنسے افراد کو نکالنے کے لئے ٹیکنیکل انجینئرنگ ٹیمیں بھی شام بھیجی ہیں۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حشد الشعبی کی سرچ اور ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی مدد کے لیے موجود ہیں، ہم نے عراق میں امدادی سامان جمع کرنے کے لئے مہم کا بھی اعلان کیا ہے اور اس مہم کو شروع کرنے والے وہی افراد ہیں، جو دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ میں ہمارے ساتھ کھڑے تھے۔

مہند العقابی نے کہا کہ شام کے ساتھ ہمارے دیرینہ اور جذباتی تعلقات ہیں، اسی وجہ سے ہم نے زلزلے کے پہلے دن سے ہی ہنگامی اجلاس منعقد کئے۔

انہوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ہر معزز شخص کو محاصرے و دہشت گردی میں گھرے شام اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے۔ عراق سے شام زلزلہ زدگان کے لیے انسانی امداد بھیجنے کے عمل کے بارے میں مہند العقابی نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ امریکی، شام جانے والے امدادی قافلوں پر بمباری کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : اقتدار کی ہوس میں مبتلا سیاسی رہنماؤں نے ساری قوم کو ہیجان میں مبتلا کردیا ہے، علامہ شبیر میثمی

حشد الشعبی کے رہنماء نے مزید کہا کہ ہم امریکیوں سے محفوظ نہیں اور آپ کے علم میں لانا چاہتے ہیں کہ عراق سے شام جانے والے ہمارے امدادی ٹرکوں کی روانگی کے دوران امریکیوں نے اپنے طیارے اڑا دیئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حشد الشعبی کو غیر معمولی صورت حال کا سامنا ہے اور ہم نے سینکڑوں افراد کو مدد کے لیے شام بھیجا ہے۔

مہند العقابی نے کہا کہ ہم نے ٹرک، کرینیں، ادویات اور غذائی سامان بھیج دیا ہے اور دوبارہ بھی بھیجیں گے۔

دوسری جانب شامی وزیر صحت حسن الغباش نے شمال علاقوں میں آنے والے خوفناک زلزلے کے متاثرین اور زخمیوں کی تعداد کے بارے میں تازہ ترین اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 1,262 افراد جاں بحق اور 2,285 افراد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ یہ اعداد و شمار حتمی نہیں۔

یاد رہے کہ پیر کی صبح جنوبی ترکی اور شمالی شام میں 7.8 ریکٹر اسکیل کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button