ہماری فضائی حدود اور بندرگاہیں شام کی مدد کیلئے کھلی ہیں، علی حمیہ

شیعیت نیوز: لبنان کے وزیر ٹرانسپورٹ علی حمیہ نے شامی زلزلہ زدگان کے لئے امداد لے جانے والے قافلوں کے لئے اپنی فضائی اور سمندری حدود کھولنے کی خبر دی ہے۔
شام کے سرکاری خبر رساں ادارے نے لبنانی وزیر "علی حمیہ” کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بیروت و طرابلس کی بندرگاہیں اور بیروت کا ہوائی اڈہ امدادی سامان لے جانے والے کیرئیرز کے لئے کھول دیا گیا ہے، جبکہ امدادی قافلوں کو شام میں داخلے کے وقت ٹیکس میں بھی چھوٹ دے دی گئی ہے۔
علی حمیہ نے کہا کہ یہ شامی زلزلہ متاثرین کی کمترین مدد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لبنانی فوج کے انجینیئرز، سول ڈیفنس آرگنائزیشن، ہلال احمر اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے شام بھیجی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : انصار الله یمن نے شام سے مغربی و امریکی ظالمانہ پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کر دیا
یاد رہے کہ سوموار کی صبح 04 بج کر 17 منٹ پر 7.8 ریکٹر اسکیل کی شدت کے زلزلے نے جنوبی ترکی اور شمالی شام کے بڑے حصوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ دونوں ممالک کے سرکاری اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق اس زلزلے سے مجموعی طور پر 4504 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا کام تا حال جاری ہے۔
واضح رہے کہ شمال مغربی شام اور جنوبی ترکی میں گذشتہ روز آنے والا زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ شام کے بیشتر صوبوں بالخصوص دارالحکومت دمشق کے لوگوں نے تقریباً 400 کلومیٹر کے فاصلے سے اسے محسوس کیا اور پریشان ہوگئے۔
اس کے علاوہ پانچ صوبوں بالترتیب حلب، حماء، لازقیہ، طرطوس اور ادلب میں گذشتہ روز آنے والے زلزلے نے شدید تباہی مچائی۔
اس واقعے کے بعد بین الاقوامی ادارے اور دنیا کے ممالک ترکی و شام میں امدادی سرگرمیوں میں مشغول ہوگئے جبکہ ریسکیو ٹیموں نے ملبہ ہٹا کر دبے لوگوں کو نکالنے کا کام شروع کر دیا ہے۔