بیت المقدس میں غاصب اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 2 فلسطینی نوجوان شہید

شیعیت نیوز: غاصب اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں 2 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے۔
مہر خبررساں ایجنسی نے المنار کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ غاصب اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں 2 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کی صبح صیہونی غاصب فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمالی مضافات میں واقع قلندیا کیمپ پر دھاوا بول دیا۔ صیہونیوں نے اس دوران ایک فلسطینی شہری کو گولی مار کر شہید کردیا۔ حملہ آور صیہونی فوجیوں کے ساتھ جو ہر قسم کے ہتھیاروں سے لیس تھے فلسطینی نوجوانوں کے مابین شدید جھڑپیں بھی ہوئیں ۔
فلسطینی محکمۂ صحت کے مطابق احمد ابوجنید کو صیہونی فوج نے سر میں گولی مار کر شہید کر دیا ہے، یہ حملہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے نابلس کے شہر میں واقع پناہ گزین کیمپ میں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : مقدسات کی توہین کرنے والوں کو سلمان رشدی کے انجام کا حوالہ دیتا ہوں، جنرل سلامی
ابوجنید کی شہادت سے 2023ء میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
صیہونی فوجی ذرائع کے مطابق فلسطینی مجاہدوں اور غاصب تل آبیب کے فوجیوں کے درمیان اس وقت جھڑپ ہوئی جب وہ مغربی کنارے میں لوگوں کو گرفتار کر رہے تھے۔
ادھر الظاہریہ شہر پر بھی صیہونی فوجیوں کے حملے کی خبر موصول ہوئی ہے جہاں غاصب فوجیوں نے ایک فلسطینی شہری کے گھر پر حملہ کیا۔ اس حملے میں شہید سند محمد عثمان سمامرہ کے گھر والوں کو نشانہ بنایا گیا جس کا علاقے کے فلسطینی نوجوانوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ صیہونی فوجیوں نے فلسطینی نوجوانوں کو صوتی بموں اور آنسو گیس کے گولوں کا نشانہ بنایا۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ چند مہینے سے فلسطینیوں کے خلاف صیہونیوں کے حملوں اور مظالم میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے۔ تل ابیب کے حکم پر فلسطینیوں کو بڑے پیمانے پر گرفتار، شہید یا زخمی کیا جا رہا ہے۔ اسی کے ساتھ غرب اردن سے ملنے والی خبروں کے مطابق، فلسطینی مجاہدوں نے صیہونیوں کی ایک گاڑی پر رام اللہ کے قریب گولی چلائی ہے۔