مشرق وسطی

شام کے شہر ادلب میں روسی ایرو اسپیس کے فضائی حملے میں 13 دہشت گرد ہلاک

شیعیت نیوز: روسی ایرو اسپیس فورسز نے شام کے ادلب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا، جس کا مقصد روسی مسلح افواج اور شامی حکومت کے فوجیوں کی تنصیبات پر دہشت گرد حملوں کو روکنا تھا جبکہ حملے میں دو سرکردہ رہنماؤں سمیت 13 دہشت گرد مارے گئے۔

المیادین نے خبر دی ہے کہ روسی ایرو اسپیس فورسز نے شام کے صوبہ ادلب میں دہشت گرد گروہ ’’النصرہ فرنٹ‘‘ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

شام میں روسی مرکز برائے قومی مفاہمت نے اعلان کیا ہے کہ روسی فضائیہ نے شام کے صوبہ ادلب میں دہشت گرد گروہ النصرہ فرنٹ کے ٹھکانوں کو فضائی حملوں سے نشانہ بنایا جس میں اس کے دو سرکردہ رہنماؤں سمیت 13 ارکان ہلاک ہو گئے۔

شام میں اپوزیشن دھڑوں میں مفاہمت و مصالحت کے لیے روسی مرکز کے نائب سربراہ میجر جنرل اولیگ ایگوروف نے پیر کو ایک بریفنگ میں کہا کہ روسی ایرو اسپیس فورسز نے ادلب کے ڈی ایسکلیشن زون میں دہشت گرد گروہ النصرہ فرنٹ کے ٹھکانوں اور ان کے متعدد ارکان کے اجتماع کی جگہ کو تباہ کر دیا، جس سے روسی دستے اور شامی عرب جمہوریہ کی سرکاری افواج کے فوجیوں کے لیے سیکورٹی خطرہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل میں محاذ آرائی سے لبنان کے ساتھ آبی سرحد کی حد بندی خطرے میں

میجر جنرل ایگوروف کے مطابق روسی طیاروں نے غیر قانونی مسلح یونٹوں کی زیر زمین پناہ گاہوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

ایگوروف نے مزید کہا کہ اس حملے میں النصرہ فرنٹ کے 13 عسکریت پسند مارے گئے، جن میں فیلڈ کمانڈر ابو یوسف الشامی اور خالد الیوسف (ابو عمر) بھی شامل ہیں جبکہ دہشت گرد گروہ کے دیگر 22 جنگجو شدید زخمی ہوئے۔

ایگوروف نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کی تباہی سے روسی مسلح افواج اور شامی حکومت کے فوجیوں کی تنصیبات پر دہشت گردوں کے حملوں کو روکنا ممکن ہوا۔

روسی جنرل نے واضح کیا کہ روسی حملے نے دہشت گردوں کے ہتھیاروں کے ایک ڈپو کو بھی تباہ کر دیا ہے جس میں چار دیسی ساختہ راکٹ لانچرز، ایک ZU-23 اینٹی ایئر کرافٹ گن اور چھوٹے ہتھیار تھے۔

خیال رہے کہ شام میں روسی مرکز برائے قومی مفاہمت نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ روسی فضائیہ نے شام کے شہر ادلب میں شیخ یوسف کے علاقے میں النصرہ فرنٹ کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی اور 120 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ چند روز بعد مرکز نے دوبارہ اعلان کیا کہ روسی فضائیہ نے شام کے صوبے ادلب میں دہشت گرد گروہ النصرہ فرنٹ کے ٹھکانے پر فضائی حملہ کیا جس میں تنظیم کے 45 جنگجو مارے گئے جن میں اس کے کئی رہنما بھی شامل ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button