ایران

سعودی عرب کیساتھ مذاکرات کی آئندہ نشست کیلئے تاریخ ہنوز طے نہیں ہوئی، ناصر کنعانی

شیعیت نیوز: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے میڈیا کے ساتھ ہفتہ وار گفتگو میں تازہ سیاسی پیشرفت پر گفتگو کی ہے۔

ناصر کنعانی نے فلسطینی بچوں و نوجوانوں کے ساتھ یکجہتی کے عالمی یوم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شائع ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق غاصب صیہونی حکومت نے دوسرے الاقصی انتفاضہ کے آغاز سے اب تک 2 ہزار 230 فلسطینی بچوں کو شہید اور 19 ہزار کمسن نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ سال 2020ء کے دوران غاصب صیہونی عدالتوں میں 500 تا 700 بچوں کو عدالتی تقاضے پورے کئے بغیر یکطرفہ طور پر سزا سنائی گئی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے، اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں قطری وزیر خارجہ کے اس بیان پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہ امریکہ، اتفاق نظر کے حصول کے لئے مذاکرات پر تیار ہے، کہا کہ عائد پابندیوں کے خاتمے کے لئے جاری مذاکرات کے حوالے سے جوہری معاہدے (JCPOA) کی بحالی کے لئے یورپی رابطہ کار سمیت ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کے ذریعے بھی پیغامات کے تبادلے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اقوام متحدہ کا حالیہ اجلاس بھی اس حوالے سے متعدد ضمنی مذاکرات کی انجام دہی کے لئے ایک اچھا موقع تھا۔

سعودی عرب میں قید ایرانی حاجی کی رہائی کے بارے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ آج ہم سعودی جیل میں قید ایرانی حاجی کی آزادی کا مشاہدہ کر رہے ہیں جسے ذی الحج کے اختتام سے ہی ایک بے بنیاد، عجیب و غریب اور غیر قابل قبول الزام کے تحت گرفتار کی گیا تھا جبکہ قبل ازیں اس حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ کی اپنے عراقی و عمانی ہم منصبوں کے ساتھ گفتگو کا سلسلہ جاری تھا۔

یہ بھی پڑھیں : الجلزون پناہ گزین کیمپ کے قریب دو فلسطینی نوجوان شہید، ایک شدید زخمی

ناصر کنعانی نے سعودی عرب کے ساتھ جاری مذاکراتی سلسلے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تہران-ریاض مذاکرات کے آئندہ دور کی تاریخ تاحال طے نہیں پائی جبکہ دونوں فریقوں کے درمیان 5 مذاکراتی دور مکمل ہو چکے ہیں جن میں طے پایا تھا کہ مفاہمتوں پر عملدرآمد کے ذریعے اگلے اقدامات کا زمینہ فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران، بدستور مذاکرات پر تیار اور باہمی گفتگو و اس کی پیشرفت میں ممد و معاون ہونے والے ہر اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے تاہم اگلی مذاکراتی نشست کے انعقاد کے لئے زمینہ فراہم کرنا ابھی باقی ہے اور امید ہے کہ قبلی مفاہمتوں پر عملدرآمد سے یہ زمینہ فراہم ہو جائے گا۔

انہوں نے ایران میں قید امریکی جاسوس باقر نمازی کی آزادی اور منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی کے بارے کہا کہ باقر نمازی کی آزادی کے حوالے سے میں آپ کی توجہ عدلیہ کے انسانی حقوق کمیشن کے بیان کی جانب توجہ مبذول کرواتا ہوں جس میں کہا گیا تھا کہ باقر نمازی کی آزادی انسانی بنیادوں پر وقوع پذیر ہوئی ہے جو گذشتہ 4 سال سے جیل میں نہیں تھا تاہم اس کا نام ای سی ایل لسٹ میں شامل تھا۔

انہوں نے کہا کہ اب باقر نمازی کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ یہ اقدام مکمل طور پر انسانی بنیادوں پر انجام پایا ہے جس کا کسی دوسرے معاملے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

ناصر کنعانی نے کہا کہ باقر نمازی کے بیٹے سیامک نمازی کی قید کی سزا ابھی باقی ہے جبکہ اسے صرف اپنے والد کی ہمراہی کی خاطر وقتی طور پر آزاد کیا گیا ہے جبکہ چھٹیوں کے اتمام پر وہ جیل واپس لوٹ جائے گا۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی کا اس مسئلے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں کیونکہ ایران نے ان قیدیوں کی آزادی کے مسئلے کو کسی بھی دوسرے معاملے یا جوہری مذاکرات کے ساتھ نتھی نہیں کیا جبکہ یہی اقدام جلد تر بھی اٹھایا جا سکتا تھا لہذا اس کے کسی خاص موقع پر انجام پانے میں کوئی حقیقت نہیں!

متعلقہ مضامین

Back to top button