دنیا

امریکی دھمکیاں نظر انداز، شمالی کوریا کا ایک اور بیلسٹک میزائیل کا تجربہ

شیعیت نیوز: شمالی کوریا نے ایک بار پھر امریکی دھمکیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک اور بیلسٹک میزائیل کا تجربہ کیا ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا نے بتایا ہے کہ شمالی کوریا نے یہ بیلسٹک میزائیل جاپان کے سمندر کی جانب فائر کیا۔

جنوبی کوریا نے ابھی تک اس بیلسٹک میزائیل کی رفتار اور رینج کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی۔

رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے میزائیل کا تجربہ جزیرہ نما کوریا اور بین الاقوامی امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ ہے۔

جنوبی کوریا کی فوج نے مطالبہ کیا کہ شمالی کوریا فوری طور پر اس قسم کے میزائل تجربات کرنا بند کر دے۔

شمالی کوریا نے یہ میزائیل تجربہ امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد سے دو روز قبل علاقے میں امریکہ کے بحری بیڑے کی موجودگی کے بعد کیا ہے۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے رواں سال کے آغاز سے اب تک درجنوں میزائیل تجربے کئے ہیں جس سے امریکہ اور اس کے اتحادیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نائیجیریا میں مسلح افراد کا مسجد پر حملہ، 15 نمازی شہید

دوسری جانب شمالی کوریا کا کہنا ہے ہم نے روس کو کوئی ہتھیار یا گولہ بارود فروخت نہیں کیا۔

روس کو فوجی ہتھیار برآمد کرنے کے مغربی ممالک کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے شمالی کوریا کی حکومت نے کہا کہ یہ کارروائی ماضی میں انجام نہیں دی گئی اور نہ ہی مستقبل کے لیے ان کا کوئی منصوبہ ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مغربی ممالک کے ان دعوؤں پر پیونگ یانگ کا ردعمل سامنے آیا جس میں کہا گیا کہ شمالی کوریا یوکرین کی جنگ میں استعمال کے لیے روس کو ہتھیار اور فوجی ساز و سامان برآمد کرتا ہے ۔

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے سی این اے نے ملکی فوج کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا کہ روس کو ہتھیاروں یا گولہ بارود کی فروخت سے متعلق خبریں جھوٹ اور مغربی پروپیگنڈا ہیں۔

خبر رساں ایجنسی "یونہاپ” کے مطابق، اس رپورٹ میں شمالی کوریا کی وزارت دفاع میں آلات سازی کے دفتر کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہم نے ماضی میں کبھی بھی روس کو ہتھیار یا گولہ بارود برآمد نہیں کیا اور مستقبل میں انہیں برآمد کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button