عراق

پندرہ لاکھ غیر ملکی عقیدت مند سامرہ کی زیارت سے شرفیاب

شیعیت نیوز: کربلا میں اربعین منانے کے بعد زائرین اب عراق کے دیگر مقدس مقامات کی طرف روانہ ہو رہے ہیں۔ پیر 19 ستمبر 2022 کو 15 لاکھ سے زیادہ عقیدت مند سامرا پہنچے ہیں۔

سامرا میں روضہ کے میڈیا انچارج محمد حسین المناوری نے کہا کہ اس وقت امام ہادی اور امام حسن عسکری علیھما السلام کے روضہ پر زائرین کا ایک بڑا ہجوم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہاں موجود زیادہ تر عقیدت مند غیر ملکی ہیں جو ایران، ہندوستان، پاکستان، افغانستان، کویت، بحرین، برطانیہ، امریکہ، کینیڈا اور دیگر کئی ممالک کے شہری ہیں۔

المناوری نے کہا کہ ہم پوری استطاعت کے ساتھ ان زائرین کرام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ اس وقت سامرا میں 55 سے زائد موکب یا سٹالز لگائے گئے ہیں تاکہ زائرین کو کھانے پینے کی کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں : شمالی عراق میں رضاکار فورس الحشد الشعبی کی کارروائی، 7 دہشت گرد ہلاک

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ آنے والے دنوں میں روضہ عسکریین کی زیارت کے لیے آنے والوں کی تعداد میں اضافے کی توقع ہے۔

کہا جارہا ہے کہ ہفتے کے روز تک اربعین مارچ اور چہلم امام حسین علیہ السلام کی رسومات میں اکیس ملین سے زائد عراقی اور غیرملکی زائرین شرکت کرچکے تھے۔ غیر ملکی زائرین میں سب سے بڑی تعداد ایرانی زائرین کی تھی ۔

سامرا میں روضے کے عہدیدار نے بتایا کہ یہاں زائرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جن کی حفاظت اور آرام کے لیے ہر طرح کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ سامرا عراق کے صوبہ صلاح الدین میں واقع ایک شہر ہے جہاں فرزندان رسول امام علی نقی اور امام حسن عسکری علیھما السلام کا روضہ ہے۔

واضح رہے کہ اس سال اربعین کے موقع پر 21 ملین سے زائد زائرین کربلا پہنچے جن میں سے اکثر اربعین میں شرکت کے بعد عراق میں دیگر عتبات عالیہ کی زیارت کے لئے مصروف ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button