اہم ترین خبریںلبنان

امام موسیٰ الصدر کی رہائی ہماری خود مختاری کا مسئلہ ہے، نبیہ بری

شیعیت نیوز: لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ امام موسیٰ الصدر کے معاملے میں ذمہ دار کمیٹی کی تازہ ترین تحقیقات کے مطابق انہیں اور ان کے ساتھیوں کو لیبیا کی حکومت نے اغوا کیا تھا۔

لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے امام موسیٰ الصدر کے اغوا کی 44ویں برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ امام موسیٰ صدر کے اغوا کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کے تازہ ترین نتائج کے مطابق اُن کو اور ان کے دو ساتھیوں کو لیبیا کی حکومت نے اغواء کیا تھا اور وہ لیبیا کے علاوہ کسی اور جگہ روانہ نہیں ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : کسی بھی سطح پر خطرات کے جواب دینے کیلئے تیار ہیں، جنرل حسین سلامی

نبیہ بری نے کہا کہ امام موسیٰ صدر اور ان کے دو ساتھیوں کی رہائی کا معاملہ تحریک امل کی خود مختاری کا مسئلہ ہے، جو یقیناً لبنانی حکومت کو اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے اور حقائق معلوم کرنے کے لئے عرب لیگ کو لیبی حکومت پر دباؤ نہ ڈالنے پر معاف نہیں کرے گا۔

نبیہ بری نے یہ بھی کہا کہ وہ لوگ جو امل تحریک اور حزب اللہ کے درمیان اختلافات کے لئے نظریں جمائے بیٹھے ہیں، وہ خواب کی دنیا میں جی رہے ہیں۔

انہوں نے لبنان اور صیہونی حکومت کے درمیان سمندری حد بندی کے تنازعہ کے بارے میں کہا کہ اس معاملے پر گیند اب امریکہ کی کورٹ میں ہے، ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر ہماری خود مختاری کو خطرہ لاحق ہوا تو ہم اپنے حقوق کا دفاع کریں گے۔

نبیہ بری نے مزید کہا کہ امریکی مذاکرات کار ایک ماہ سے بیروت نہیں آئے جبکہ ہم ہمیشہ انتظار نہیں کریں گے۔ انہوں نے وضاحت کے ساتھ کہا کہ ہم اپنی سرحد، زمین، گیس اور تیل کے ساتھ ساتھ لبنانی سرزمین کا بھی پوری طاقت سے دفاع کریں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button