عراق

مقتدیٰ الصدر کا تا اطلاع ثانوی ملین مارچ ملتوی کرنے کا اعلان

شیعیت نیوز: عراق میں الصدر تحریک کے سربراہ نے اپنے حامیوں کی جانب سے آئندہ ہفتے مظاہروں کے انعقاد کو ملتوی کر دیا ہے۔

الصدر تحریک کے سربراہ سید مقتدیٰ الصدر نے منگل کے روز اپنے بیان میں سنیچر کے دن ہونے والے مظاہروں کو ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹویٹر پر لکھا کہ سنیچر کے روز ہونے والا ملین مارچ اگلی اطلاع تک ملتوی کر دیا گیا ہے، تاہم عراقی عوام کا دھرنا ان کے مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔

الصدر نے اعلان کیا کہ عراق، عراقی عوام اور مقدسات سے عشق کی وجہ سے ہفتے کے روز ہونے والے ملین مارچ کو اگلی اطلاع تک ملتوی کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ گذشتہ شب سید مقتدیٰ الصدر کے قریبی ترین ساتھی سمجھے جانے والے الصدر تحریک کے رہنما محمد صالح العراقی نے کہا ہے کہ اگرچہ ہم اپنی سپریم کورٹ میں اصلاحات کے حامی ہیں، لیکن اس کے باوجود ہماری عدلیہ اور اس کا احاطہ ہمارے لئے ریڈ لائن ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ العظمیٰ علی حسینی سیستانی کا استاد محمد تقی شہیدی کے نام تعزیتی پیغام

دوسری جانب عراق میں اقوام متحدہ کی نمائندہ کی الفتح کے سربراہ سے ملاقات میں عراق میں جاری سیاسی بحران اور اس کے راہ حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

منگل اقوام متحدہ کی نمائندہ برائے عراقی امور ’’جنین ہانس پلاسکارٹ‘‘ کی عراقی اتحاد الفتح کے سربراہ ہادی العامری سے بغداد میں ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماوں نے حالیہ سیاسی بحران کے بارے میں گفتگو کی۔

ملاقات کے بعد جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ طرفین نے مہم ترین سیاسی تبدیلیوں، موجودہ بحران کے حل اور چند ماہ سے جاری سیاسی ڈیڈ لاک کے خاتمے کے لئے عراقی اسٹیک ہولڈرز کے نقطہ نظر کو ایک دوسرے کے قریب کرنے کی قومی کوششوں کی مسلسل حمایت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل العامری نے عراق میں کردستان کے حکام سے ملک میں جاری سیاسی بحران کے بارے میں مشاورت کے لئے اربیل کا سفر کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button