افغانستان، محرم الحرام کے لیے خصوصی سیکورٹی پلان کا اعلان
شیعیت نیوز: افغانستان کے صوبے ڈائی کنڈی کی طالبان انتظامیہ نےمحرم الحرام کے سیکورٹی پلان کا اعلان کردیا ہے۔
افغان ذرائع کے مطابق، ڈائی کنڈی کے مقامی طالبان حکام اور شیعہ عمائدین کے مشترکہ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران مساجد، امام بارگاہوں اور جلوسہائے عزا کے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی۔
صوبہ ڈائی کنڈی کے نگراں گورنر حاجی طالب نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان بر قرار رکھنے کے لیے خصوصی سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے شیعہ عمائدین نیز مساجد و امام بارگاہوں کے انتظامی عہدیداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے طالبان کے ساتھ تعاون کریں۔
دوسری طرف افغانستان کی شیعہ علماء کونسل نے ایک بیان جاری کرکے افغان عوام سے محرم الحرام کو شایان شان طریقے سے منانے اور سیکورٹی ہدایت پر خاص توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران میں حالیہ سیلاب سے متاثرین کے نام رہبر انقلاب اسلامی کا پیغام
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان بھر میں امام بارگاہوں مساجد اور عوامی مقامات پر سیاہ پرچم اور بینر نصب کر دیئے گئے ہیں اور لوگ انتہائی جوش ولولے کے ساتھ سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کی یاد میں عزاداری کر رہے ہیں۔
دوسری جانب المی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ القاعدہ کا لیڈر ایمن الظواہری امریکی کے ڈرون حملے میں مارا گیا۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ نے ایمن الظواہری کو اتوار کے روزکابل میں ڈرون حملے سے نشانہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق، ایمن الظواہری نے القاعدہ کے بانی لیڈر اسامہ بن لادن کی موت کے بعد تنظیم کی کمان سنبھالی تھی۔
اطلاعات کے مطابق صدر جو بائیڈن کچھ دیر بعد ٹیلی وژن پرامریکی کارروائی سے آگاہ کریں گے۔
دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔







