عراق

حشد الشعبی کا آٹھواں یوم تاسیس، عراقی وزیر اعظم نے فوجی پریڈ کا معائنہ کیا

شیعیت نیوز: حشد الشعبی کے آٹھویں یوم تاسیس کے موقع پر عراقی وزیراعظم کی موجودگی میں دیالی میں فوجی پریڈ کا آغاز ہوا۔

فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق، یہ پریڈ المحمداوی فوجی مرکز میں منعقد ہوئی جو صوبہ دیالی کے مرکز بعقوبہ کے مضافات میں واقع ہے۔ پریڈ کے دوران الحشد الشعبی کے جوانوں نے اپنی فوجی مہارتوں اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور ٹینک، بکتر بند گاڑیوں اور بھاری گولہ باری کے ہتھیاروں کی نمائش بھی کی گئی ۔

عراقی وزیراعظم اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف مصطفیٰ الکاظمی صوبہ دیالی پہنچے، جہاں انہوں نے حشد الشعبی کے قیام کی آٹھویں سالگرہ کے موقع پر فوجی پریڈ میں شرکت کی۔

وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے جو مسلح افواج کی اعلی کمان کے سربراہ بھی ہیں، پریڈ کا معائنہ کیا۔ اس پروگرام میں وزیر اعظم سمیت عراق کی متعدد سیاسی، ثقافتی اور فوجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں : شہید قائد نے انبیاءکے راستے کو اختیار کیا،وہ حقیقی معنوں میں کربلائی و عاشورائی تھے، علامہ راجہ ناصرعباس

اس سے قبل حشد الشعبی عراق نے اعلان کیا تھا کہ مذکورہ تقریب آج صوبہ دیالی میں شہید ابو منتظر المحمداوی چھاؤنی میں عراقی وزارت دفاع اور انسداد دہشت گردی فورس کے تعاون سے منعقد کی جائے گی۔

شہید ابو منتظر المحمداوی چھاؤنی صوبہ دیالی میں بعقوبہ شہر کے شمال میں واقع قصبے ’’الخالص‘‘ سے 10 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

مذکورہ جگہ کسی زمانے میں مجاہدین خلق نامی دہشت گرد گروہ کا مرکزی ہیڈ کوارٹر تھا، جسے طویل مشقت کے بعد خالی کرا لیا گیا تھا اور 2012ء میں عراقی حکومت کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ اس چھاؤنی کا رقبہ 20 مربع کلومیٹر سے زیادہ ہے اور یہ الحشد الشعبی کے شعبہ اسلحہ سازی کے تحت ہتھیاروں کو جدید بنانے کا مرکز ہے۔

شہید حاتم اسود محمد جو کہ ابو منتظر المحمداوی کے نام سے معروف ہیں، حشد الشعبی میں شہید فتویٰ مرجعیت کے نام سے جانے جاتے ہیں، مذکورہ شخصیت 13 جولائی 2015ء کو داعش کے دہشت گردوں سے صوبہ الانبار میں ’الصقلاویہ‘ کی آزاد سازی کے دوران شہید ہوئی تھی۔

حشد الشعبی کی فوجی پریڈ کے اختتام پر، اس جماعت کے افراد نے عراق میں اہل تشیع کی قیادت اور سپریم اتھارٹی آیت اللہالعظمیٰ سید علی السیستانی کے ساتھ تجدید عہد کیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال دیالی میں حشد الشعبی عراق کے قیام کی ساتویں سالگرہ کے موقع پر پہلی فوجی پریڈ منعقد ہوئی تھی، جس میں عراق کے وزیراعظم، متعدد عسکری، سیاسی اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button