حزب الله اور امل کی جانب سے لبنان میں حکومت کی فوری تشکیل کا مطالبہ

شیعیت نیوز: لبنان کی دو جماعتوں حزب الله اور امل نے ایک اجلاس میں فوری حکومت کی تشکیل پر زور دیتے ہوئے ملک کے سکیورٹی کے اداروں اور عدالتوں سے عوام کی سلامتی کے لئے اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔
لبنان کے شہر ’’صور‘‘ میں حزب اللہ کے دفتر میں تحریک حزب الله اور امل کے سربراہان کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی داخلی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں شریک افراد نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے لبنانی عوام اور مسلمانوں کو عید غدیر کی مبارک باد دی۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، بھٹو کے پوتے ذوالفقار جونیئر کا جرمن فلم فیسٹیول میں شرکت سے انکار
مشترکہ بیان میں لبنان میں جاری بحران کے مثبت حل کے لئے فوری حکومت کی تشکیل پر زور دیا گیا جبکہ عدالتوں اور سکیورٹی اداروں سے شہریوں کی جان و مال اور سلامتی کی حفاظت کے لئے مثبت کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء نے 2006ء میں صیہونی جارحیت کی یادگار کے موقع پر اسرائیل کی مجرمانہ شناخت پر زور دیتے ہوئے امام موسیٰ صدر (حزب اللہ اور امل کے بانی رہنماء) کے اسرائیل کو شرّ مطلق کہنے اور اس سے تعلقات برقرار کرنے کو حرام قرار دینے کی طرف اشارہ کیا۔
مشترکہ جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صیہونی چہرے کو خوشنما دکھانے کی غلیظ کوششیں، خطے میں ان کو قانونی حق دینے اور ان سے سمجھوتہ کرنے والی قوتیں لبنان، لبنانی عوام اور خطے کے لوگوں کے خلاف اسرائیل کے جرائم میں شریک ہیں۔
اس اجلاس میں شرکاء نے ماہ محرم الحرام کے قریب آتے ہوئے حالیہ اُٹھائے گئے اقدامات کی توضیح، حماسی و انسانی پیغام اور اس کی ترویج کے لئے تعاون اور ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا۔