فلسطینی شہداء کے پاکیزہ خون کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، اسماعیل ھنیہ

شیعیت نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی شہداء کے پاکیزہ خون کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، ہمارے دوش پر شہداء کے اہداف کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ذمہ داری ہے۔
اسماعیل ھنیہ نے شمالی مغربی کنارے کے شہر جنین میں قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں قتل ہونے والے شہداء یوسف صلاح، براء لحلوح اور لیث ابوسرور کے اہل خانہ سے ٹیلیفون پر بات کی۔
فون پر بات کے دوران حماس کے سربراہ نے قابض اسرائیلی فوج کے اس گھناؤنے صہیونی جرم کی مذمت کی اور کہا کہ تینوں فلسطینیوں کو ماورائے عدالت شہید کیا گیا۔ تین فلسطینیوں کی شہادت کا یہ واقعہ فلسطینی قوم کے خلاف صیہونی ریاست کے منظم اور طے شدہ جرائم کا تسلسل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شہزادی سکینہ بنت الحسین ؑ کے گستاخ ملعون سلطان گل کی فوری گرفتاری اور سزا کیلئے اسلام آباد میں احتجاج
انہوں نے کہا کہ تمام شہداء ہمارے بچے ہیں اور یہ پاک و پاکیزہ خون فلسطینیوں کے اتحاد اور اس کے حال اور مستقبل میں ہمارے عوام کے اتحاد کی تصدیق کرتا ہے۔ شہید ہونے والا فلسطینی چاہےاندرون فلسطین سے ہو،مغربی کنارے، غزہ کی پٹی، القدس، سنہ48 کے مقبوضہ علاقے سے ہو یا یاپناہ گزی ہو وہ فلسطینی قوم ہی کی نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ شہداء تمام عمر کی مسلسل مزاحمت کے دوران بیت المقدس اور الاقصیٰ کی آزادی اور دفاع کے راستے پر چل رہے ہیں۔ اس جرم سے تینوں رہ نما فواد حجازی، عطا الزیر اور محمد جمجوم کی شہادت کی یاد تازہ ہو گئی جو7 جون 1930 کو شہید ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہادتوں اور شہداء کا راستہ جاری ہے لیکن یہ خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ مسجد الاقصی اور فلسطینی کی آزادی تک ہماری جد و جہد جاری رہے گی۔ فلسطینی شہداء نے بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں ۔ بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی تک اسرائیل اور اس کے حامیوں کے خلاف ہماری جد و جہد کا سلسلہ جاری رہےگا۔