دنیا

روس کے خلاف لگائی گئی پابندیاں ناکام رہیں، سوئٹزرلینڈ

شیعیت نیوز: سوئٹزرلینڈ کے وزیر خزانہ گائے پرملین نے بلک اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین کے بحران کے حل کے لیے روس پر مغربی ممالک کی طرف سے لگائی گئی پابندیاں اپنا مقصد حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر پابندیوں کا مقصد یوکرین میں جنگ کو جلد از جلد ختم کرنا تھا، تو یہ مقصد ابھی تک حاصل نہیں ہوسکا ہے۔

سوئٹزرلینڈ کے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پابندیوں کی تاثیر کا انحصار زیادہ تر دیگر سیاسی، سفارتی اور قانونی حوالے سے ان کے استعمال پر ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ روس کے خلاف پابندیاں ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر سکتی ہیں اور کسی یورپی ملک کے پاس اس مسئلے کا قطعی حل نہیں ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ روس پر مغربی پابندیوں اور فوجی کارروائیوں کی وجہ سے سپلائی میں خلل پڑا ہے اور دنیا بھر میں ایندھن کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایک ماہ بعد پھر کیف پر روس کے میزائل حملے پھر سے شروع ہوگئے

دوسری جانب روسی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کے ملک پر پابندیوں کے نتائج یورپی ملکوں کے عوام کو بھگتنا پڑیں گے۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے مغربی ملکوں کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیوں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نتائج یورپ کے عام لوگوں پر پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ روس پر پابندیوں کے نتیجے میں یورپ میں افراط زر میں اضافہ ہوگا، مہنگائی بڑھے گی اور لوگوں کا معیار زندگی بری طرح متاثر ہوگا۔

سرگئی لاؤروف نے کہا کہ مغربی ممالک روس پر پابندیوں کے ساتھ ساتھ اپنے خزانے سے اربوں ڈالر کی رقم یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی پر خرچ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم بہت پہلے ہی یورپ کے ساتھ مذاکرات سے مایوس ہوچکے تھے اور سن دو ہزار چودہ میں پابندیوں کا آغاز ہوتے ہی ہم نے اپنی اندرونی توانائیوں پر بھروسہ کرنا شروع کردیا تھا۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے اپنے ملک کو دنیا کے طاقتور ترین زرعی ملک میں تبدیل کردیا ہے جبکہ پہلے بہت سی اجناس باہر سے منگانے پر مجبور تھے۔

واضح رہے کہ یورپی ملکوں نے جنگ یوکرین کے بعد روس کے خلاف پابندیاں مزید سخت کردی ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button