اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

پی ڈی ایم حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان مزاکرات میں اہم پیش رفت

ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی کی جانب سے یہ اعلان بدھ کے روز وفاقی وزیر، خیبر پختونخوا حکومت کے نمائندوں اور قبائلی عمائدین سمیت ایک 50 رکنی پاکستانی قبائلی جرگے کے وفد سے امن مذاکرات کے بعد سامنے آیا

شیعیت نیوز: پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت اور کالعدم دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان مزاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے جمعرات کو کابل میں ملاقاتوں کے ایک دور کے دوران حکومت کے ساتھ مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کے بعد غیر معینہ مدت کیلئے جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔ ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی کی جانب سے یہ اعلان بدھ کے روز وفاقی وزیر، خیبر پختونخوا حکومت کے نمائندوں اور قبائلی عمائدین سمیت ایک 50 رکنی پاکستانی قبائلی جرگے کے وفد سے امن مذاکرات کے بعد سامنے آیا۔

ٹی ٹی پی کے ترجمان نے کہا کہ گذشتہ دو دنوں کے دوران بات چیت میں کافی پیش رفت ہوئی ہے، اس کے نتیجے میں ٹی ٹی پی کی قیادت نے غیر معینہ مدت کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے آنے والے دنوں میں بات چیت جاری رہے گی۔ جب ایک نجی ٹی وی چینل نے کابل میں ان سے رابطہ کیا تو جرگے کے ایک رکن نے بھی جنگ بندی کی تصدیق کی۔

یہ بھی پڑھیں: آج کسی مسلمان حتیٰ غیر مسلم کو بھی حق حاصل نہیں کہ وہ اسرائیل کو قبول کرے،علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ٹی ٹی پی کے اعلان کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب نہیں دیا۔ میڈیا ذرائع نے منگل کو اطلاع دی تھی کہ ٹی ٹی پی اور حکومتی مذاکرات کار غیر معینہ مدت کے لیے جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔ جنگ بندی ایجنڈے میں شامل اہم مسائل میں سے ایک تھی، جسے اب اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اعتماد سازی کے حوالے سے ایک بڑے اقدام کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ دونوں فریقین کے درمیان پچھلی جنگ بندی 30 مئی کو ختم ہوگئی تھی۔

خیبر پختونخوا کے سابق گورنر اور جرگے کے رکن شوکت اللہ خان نے میڈیا کو بتایا تھا کہ قبائلی روایات کے پیش نظر جرگے کا کردار بہت اہم ہے، جن کا دونوں فریق احترام کرتے ہیں۔ مذاکرات کے پہلے دن دونوں فریقین نے اس عمل کو آگے بڑھانے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button