یمن

سعودی حکومت صنعا ایئرپورٹ کھولے جانے کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہی ہے، علی القحوم

شیعیت نیوز: یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے رہنما علی القحوم نے کہا ہے کہ سعودی حکومت صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کھولے جانے اور الحدیدہ بندرگاہ تک بحری جہازوں کے پہنچنے کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے رہنما علی القحوم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ صنعا ایئرپورٹ کھلنے اور الحدیدہ بندرگاہ تک بحری جہازوں کی رفت وآمد ملت یمن کا حق ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ القحوم نے کہا کہ بنیادی طورپر جنگ بندی میں انسان دوستانہ امور اور جارحیت و محاصرے سے پیدا ہونے والی المناک تکلیفوں کو کم کرنے کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے مذاکراتی وفد کے سربراہ محمد عبد السلام نے بھی کہا ہے کہ انسان دوستانہ جنگ بندی کا پہلا مہینہ ایسی حالت میں ختم ہو رہا ہے کہ ابھی تک اس کی اہم شق یعنی صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کھلنے کے سلسلے میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انصار اللہ نے اپنے ارادے ظاہر کر دیئے، سعودی عرب کے اندر تک پہنچ ہے، یوسف الفیشی

انہوں نے کہا کہ عدم مفاہمت اور سمجھوتے پر عمل درآمد میں پس و پیش کی پوری ذمہ داری جارح ممالک پرعائد ہوتی ہے اور اقوام متحدہ کو سمجھوتے کے مطابق اپنی ذمہ داریوں پرعمل کرنا چاہئے۔

دوسری جانب یمن کی اسلامی تنظيم انصار اللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے اعلان کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی جاری رہنے کی صورت میں سعودی عرب اور امارت کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

انصار اللہ کے ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب اور امارات کی طرف سے اقوام متحدہ کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے، اگر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رہا تو سعودی عرب اور امارات کو دردناک جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یمنی فوج اور قبائل سعودی عرب اور امارات کی جارحیت کا مکمل طور پر مقابلہ کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کے خلاف فوجی جارحیت کے ساتھ ہی اس کا بری بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button