زائرین ایران وعراق کی سہولت کیلئے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو کا اہم اقدام
شیعیت نیوز: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ تفتان روڈ پر زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے سروس ایریاز کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق آج وزیراعلیٰ بلوچستان نے یہ منظوری بورڈ آف ریونیو بلوچستان کی جانب سے ارسال کی جانے والی سمری پر دی۔
وزارت مذہبی امور نے کوئٹہ تفتان روڈ پر پدگ، نوکنڈی اور دالبندین میں زائرین کے سروس ایریا کے لئے سرکاری اراضی کی فراہمی کی درخواست کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی اداروں نے جبری لاپتہ شیعہ عزاداروں کے اہل خانہ کو پریس کانفرنس کرنے سے روک دیا
وزیراعلیٰ بلوچستان نے عوامی نوعیت کے اس منصوبے پر فوری تعمیر کے لیے اراضی کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی زائرین مینجمنٹ پالیسی کے مطابق کوئٹہ تفتان روڈ پر زائرین کے لئے سروس ایریا کی تعمیر کی جائے گی۔
حکومت پدگ، نوکنڈی اور دالبندین میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی فراہم کی جانے والی اراضی پر سروس ایریا تعمیر کرے گی۔ زائرین کے سروس ایریا کی تعمیر کے لئے مذکورہ سرکاری اراضی این ایچ اے کو لیز کے تحت دی جائے گی۔







