اہم ترین خبریںپاکستان

ملت کے تمام طبقات کو اکٹھے ہو کر قومی پلیٹ فارم کو مضبوط کرنا چاہیے، سید منیر گیلانی

شیعیت نیوز : سابق وفاقی وزیر تعلیم اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی سے اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی، مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی، حافظ کاظم رضا نقوی نے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور تنظیمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سابق وفاقی وزیر تعلیم نے اسلامی تحریک کے رہنماوں کو اپنی کتاب ”سیاسی بیداری“ پیش کی۔ انہوں نے کتابوں کا ایک سیٹ علامہ سید ساجد علی نقوی کیلئے بھی پیش کیا۔

اسلامی تحریک کے رہنماوں نے سابق وفاقی وزیر کی یادداشتوں کو کتابی شکل میں تحریر کرنے پر انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایسی کتاب کی کافی دیر سے کمی محسوس کی جا رہی تھی کہ جس میں قومی پلیٹ فارم کی تنظیمی تاریخ کو مرتب کیا جاتا ہے۔ مزید ایسی کتابیں بھی تحریر کی جانی چاہیئں، تاکہ ملت جعفریہ کی پاکستان میں خون سے رنگین جدوجہد کو آئندہ نسلوں تک پہنچایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں پیغمبر اکرم کو اللہ نے خوشخبری دینے والا اور ڈرانے والا بنا کر بھیجا، علامہ حافظ ریاض نجفی

علامہ شبیر میثمی نے کتاب سیاسی بیداری کو آڈیو بک کی شکل دینے اور سوشل میڈیا پر اس کی تشہیر کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر منیر حسین گیلانی نے اسلامی تحریک پاکستان کے سیاست میں مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ علامہ ساجد علی نقوی کی مدبرانہ اور نڈر قیادت نے ہمیشہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

انہوں نے اتحاد ملت جعفریہ کو وقت کا تقاضا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملت کے تمام طبقات کو اکٹھے ہو کر قومی پلیٹ فارم کو مضبوط کرنا چاہیے۔ منتشر قوم اپنے حقوق حاصل نہیں کر سکتی۔ سیاست میں موثر کردار بہت ضروری ہے۔ ہمیں صرف شیعہ ہی نہیں، اہلسنت اور اقلیتوں کے حقوق کی بھی بات کرنی چاہیے، جس کیلئے مشترکہ پلیٹ فارم کی تشکیل ان کی دیرینہ خواہش ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button