پر امن ایٹمی سرگرمیاں نہیں روکی جائیں گی، محمد اسلامی

شیعیت نیوز: ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ہم کسی بھی صورت میں پر امن ایٹمی سرگرمیاں نہیں روکیں گے۔
ایران کی ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے نئے سال کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں لکھا ہے کہ پرامن ایٹمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے لکھا کہ پر امن ایٹمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے مقصد سے پروگرام تیار کئے جا چکے ہیں۔
ایران کی ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے اس شعبے میں ایٹمی سائنسدانوں کے تعاون کے بارے میں کہا کہ تسلط پسند طاقتوں کی بھرپور کوششوں کے باوجود اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی سائنسدانوں کے تعاون کی وجہ سے ملک کی ایٹمی صنعت سرگرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بارے میں ایٹمی سائنسدانوں اور ان کے اہل خانہ جو قربانیاں دے رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔
محمد اسلامی کے مطابق ایٹمی ٹیکنالوجی کے عروج پر پہنچنے کے لئے ہم نے اس راستے میں شہداء کی قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب ایک مضبوط قوتِ ارادی کی علامت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں ایٹمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : یوکرین کا واقعہ مغربی نسل پرستی کو ظاہر کرتا ہے، آیت اللہ العظمیٰ سید خامنہ ای
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم معاہدے کے آخری مرحلے کے قریب ہیں اور اب یہ امریکی فریق پر منحصر ہے کہ عمل میں اپنی نیک نیتی کا مظاہرہ کرے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے پیر کے روز اپنے عراقی ہم منصب فواد حسین کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو کی۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایران اور عراق کے وزرائے خارجہ نے ویانا مذاکرات کے حوالے سے تازہ ترین پیش رفت کے علاوہ یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے پابندیاں ہٹانے اور ویانا مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم معاہدے کے آخری مرحلے کے قریب ہیں، ہم نے باقی رہ جانے والے چند اہم مسائل میں، یورپی یونین کے کوآرڈینیٹر کے ذریعے امریکہ کے سامنے اپنا موقف واضح طور پر پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ امریکی فریق پر منحصر ہے کہ عمل میں اپنی نیک نیتی کا مظاہرہ کرے۔ ہم ایک اچھے، مضبوط اور دیرپا معاہدے تک پہنچنے کے لیے پرعزم ہیں۔