یوکرین کا واقعہ مغربی نسل پرستی کو ظاہر کرتا ہے، آیت اللہ العظمیٰ سید خامنہ ای

شیعیت نیوز: رہبرمعظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید خامنہ ای نے نئے ہجری شمسی سال 1401 کے موقع پر عوام سے ٹی وی پر براہ راست خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ پیداواری لاگت کو کم کرنا اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا، علم پر مبنی معیشت کے ثمرات ہیں ۔علم و دانش پر مبنی اقتصادی اور معاشی پالیسی ملکی پیشرفت اور مشکلات کے حل کا بہترین راستہ ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ یہ تیسرا نوروز ہے جس میں ہم حرم رضوی میں عوام سے براہ راست خطاب اور ملاقات کرنے سے محروم رہے ہیں۔عید نوروز کی اہم خصوصیت میں دعا ، مناجات اور صلہ ارحام شامل ہیں۔ کل رات ایرانی عوام کے مختلف طبقات اور ایرانی جوانوں نے اللہ تعالی سے گفتگو کی اور نئے سال میں نیک خواہشات اور نیک تمناؤں اور امور کے حصول کے سلسلے میں دعا و مناجات کی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ نوروز اور بہار امید کا مظہر ہے۔ اس موقع پر ہر چیز کو نئی زندگی اور نئی حیات ملتی ہے نوروز اور بہار کا پیغام زندگی اور حیات کا پیغام ہے۔ ایران میں امید کے بیشمار مواقع ہیں ۔ ایرانی عوام میں امید پیدا ہونے سے دشمنوں میں برہمی پیدا ہوجاتی ہے۔ دشمن نے ایرانی عوام کی معیشت اور اقتصاد کو نشانہ بنا رکھا ہے۔ اقتصاد اور معیشت کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ اقتصاد کو عدل و انصاف کے ہمراہ ہونا چاہیے اور اسی صورت میں ملک میں پیشرفت اور ترقی ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی، مصری اور اماراتی سربراہان کی شرم الشیخ میں سربراہ ملاقات
آیت اللہ العظمیٰ سید خامنہ ای نے فرمایا کہ ہمیں زراعت کے شعبہ پر خاص توجہ مبذول کرنی چاہیے اور زراعت کو علم پر مبنی صنعت کے دائرے میں لانا چاہیے۔ زراعت کے شعبہ میں ترقی اور پیشرفت غذائی سلامتی کے لئے اہم ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے خطے میں امریکہ کی طرف سے عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں اور سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ امریکہ 20 سال تک افغانستان میں رہا لیکن اس نے افغان عوام کی مشکلات میں اضافہ ہی کیا۔ یوکرائن کے صدر ہر روز امریکہ اور مغربی ممالک کو مدد کے لئے پکار رہے ہیں۔ یمن پر آپ ہر روز امریکی اور سعودی وحشیانہ بمباری کا مشاہدہ کررہے ہیں ۔ خطے کے عوام کی تمام مشکلات کا اصلی سبب امریکہ ہے ۔ امریکہ اپنے مفادات کے لئے اپنے قریبی افراد اور ممالک کو بھی قربان کردیتا ہے۔ سعودی عرب نے 80 سے زائد افراد کے ایک دن میں سر قلم کردیئے۔ یوکرائن کے معاملے میں مغربی ممالک کی نسل پرستی کو سب نے مشاہدہ کیا ہے۔
آیت اللہ العظمیٰ سید خامنہ ای نے دنیا میں امریکی مظالم اور خونریزی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ امریکہ دنیا بھر میں انسانوں کا قتل عام کرنے کے باوجود انسانی حقوق کا دعوی بھی کررہا ہے۔ انسانی حقوق کے بارے میں امریکی دعوے جھوٹ اور فریب پر مبنی ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج ایرانی حکام اور عوام کے درمیان ہمدلی ، ہمدردی اور خدمات کا جذبہ پہلے کی نسبت زيادہ ہونا چاہیے اور ہم اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔ ایران کا ترقی اور پیشرفت کی سمت سفر جاری ہے۔