مجمع المدارس کا 20 سے 27 مارچ تک ہفتہ پاکستان منانے کا اعلان
شیعیت نیوز: مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ کا 20 سے 27 مارچ تک ’’ہفتہ پاکستان‘‘ منانے کا اعلان۔ اس حوالے سے ملک بھر میں پیغام پاکستان کانفرنسز منعقد ہوں گی۔
کانفرنسز کا عنوان ’’وطن کی فکر کر نادان‘‘ رکھا گیا ہے۔ کانفرنسز سے تمام مسالک کے جید علماء کرام اور دانشور حضرات خطاب کریں گے۔
مرکزی کانفرنس 23 مارچ دوپہر 2 بجے جامعہ عروۃالوثقی لاہور میں ہو گی جس کی صدارت علامہ سید جواد نقوی کریں گے جبکہ اس کانفرنس میں نامور علمائے کرام، مشائخ عظام، صحافی، دانشور، وکلاء اور دیگر مذاہب کے عمائدین بھی شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : دنیا میں پائیدار امن اقوام متحدہ کی جرات مندی سے جڑا ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی
مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ کے ترجمان کے مطابق 20 مارچ کو آواری ہوٹل کراچی میں پیغام پاکستان کانفرنس ہوگی جبکہ 20 مارچ کو ہی جامعہ جعفریہ گوجرانوالہ میں بھی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
اسی طرح 26 مارچ کو فیصل مسجد آڈیٹوریم اسلام آباد اور 27 مارچ کو شاہ جی پیلس سیالکوٹ میں کانفرنس کا انعقاد ہوگا۔
ترجمان کے مطابق پشاور، فیصل آباد، سرگودھا، خانیوال،شیخوپورہ، حیدرآباد، ڈیرہ غازی خان، گلگت، سکردو، کوہاٹ، کوٹ ادو، سیالکوٹ، بہاولپور، صادق آباد سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی پیغام پاکستان کانفرنسیں منعقد ہوں گی۔







