کسی بھی ملک نے ایران کی مانند فلسطین کی جدوجہد کی حمایت نہیں کی ہے، تحریک مجاہدین

شیعیت نیوز: فلسطین کی تحریک مجاہدین کے سربراہ نے فلسطینی قوم اور فلسطین کی تحریک مزاحمت کے لئے ایران اور حزب اللہ لبنان کی حمایت کی قدردانی کی ہے۔
فلسطین کی تحریک مجاہدین کے سربراہ اسعد ابو شریعہ نے فلسطین اور فلسطینیوں کی حمایت میں ایران اور حزب اللہ کے مواقف کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ملک نے ایران کی مانند فلسطین اور بیت المقدس کو آزاد کرائے جانے کی جدوجہد کی حمایت نہیں کی ہے۔
انھوں نے ایران اور حزب اللہ کے خلاف امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی پابندیوں اور دباؤ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور حزب اللہ لبنان نے فلسطین اور فلسطینیوں کی حمایت میں اپنے پختہ عزم و ارادے اور مواقف میں استحکام کی بنا پر بھاری قیمت ادا کی ہے اور ہر طرح کے مسائل کا ڈٹ کر سامنا کیا ہے۔
فلسطین کی تحریک حماس کے سینیئر رہنما سامی ابوزہری نے بھی حال ہی میں ایک بیان میں کہا تھا کہ جو چیز ایران کو دیگر ملکوں سے ممتاز بناتی ہے وہ فلسطین اور فلسطینی امنگوں کی بھرپور حمایت کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطینیوں کو شہریت نہ دینے کا عبوری قانون منظور
تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بھی ایران کی جانب سے فلسطینی گروہوں کی جاری حمایت پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے حماس کو مضبوط و مستحکم بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔
دوسری جانب ہزاروں فلسطینیوں نے آج مسجد الاقصی پہنچ کر نماز جمعہ میں شرکت کی۔
بیت المقدس کے محکمہ اوقاف کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کی عائد کردہ بندشوں اور ناکہ بندیوں کے باوجود، تیس ہزار فلسطینیوں نے آج مسجد الاقصی میں نماز جمعہ ادا کی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق صیہونیوں نے جمعے کی صبح سے مسجد الاقصی کے اطرف میں شدید بندشیں عائد اور علاقے کو اپنے محاصرے میں لے لیا تھا۔
مسجد الاقصی فلسطینیوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس مسجد شمار ہوتی ہے اور بیت المقدس میں اسلامی اور فلسطینی تشخص کی علامت ہے۔