عراق

حضرت امام موسی کاظم (ع) کا یوم شہادت، لاکھوں زائرین کاظمین میں

شیعیت نیوز: کل ایران اور عراق سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کا یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

آسمان امامت و ولایت کے ساتویں درخشاں ستارے، فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے عزاداری کے مقصد سے عراق کے مختلف علاقوں خاص طور سے جنوبی اور وسطی صوبوں سے لاکھوں کی تعداد میں زائرین بغداد کے شمال میں واقع شہرِ کاظمین پہنچے۔

حکومت عراق نے حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے عراق میں اتوار کو سرکاری تعطیل کا اعلان کیا تھا ۔

فرزند رسول امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کے پیش نظر گزشتہ کئی روز سے عراق کے شہر کاظمین کی جانب لاکھوں عراقی و غیر عراقی باشندوں کا پیدل مارچ جاری ہے جواپنے عروج کو پہنچ چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : 25 رجب المرجب ، یوم شہادت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے موقع پر عالم تشیع سوگوار

عزاداروں اور زوار کی پذیرائی کے لئے سیکڑوں موکب لگے ہوئے ہیں جن کے درمیان اہلبیت علیہم السلام سے عقیدت رکھنے والے اہلسنت حضرات بھی مہمان نوازی کرتے دکھائی دے رہے تھی۔

واضح رہے کہ عراق، ایران، بھارت اور پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں ساتویں امام حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے مجلس عزا اور ماتم و سینہ زنی اور عزاداری کا سلسلہ جاری رہا۔

فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام 20 ذی الحجہ سن 128 ہجری قمری میں ابواء نامی گاؤں میں جو مکے اور مدینے کے درمیان واقع ہے اس دنیا میں تشریف لائے۔

آپ کی مدت امامت پینتیس برسوں پر مشتمل تھی۔ اس عرصے میں آپ نے تمام تر سختیوں اور مسلسل قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد بھی دین اسلام کو بہترین انداز میں لوگوں تک پہنچایا- علم و عبادت اور سخاوت و بردباری میں آپ کا کوئی ثانی نہیں تھا اور آپ کی اسی مقبولیت سے خائف ہو کر عباسی خلیفہ ہارون رشید نے ظالم زندان بان سندی بن شاہک کے ذریعے 25 رجب المرجب سن 183 ہجری قمری میں ایک سازش کے تحت زہر دغہ دلوا کر انتہائی مظلومیت کے عالم میں آپ کو شہید کرادیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button