اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی ، متعدد شہری زخمی

شیعیت نیوز: فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں کل جمعرات کے روز اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں الخضر کے مقام پر فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی فوج نے گولیاں چلائیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پرانے شہر میں تل کے مقام پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی زخمی ہوگیا جب کہ آنسوگیس کی شیلنگ سے کئی فلسطینی بےہوش جبکہ بعض دھاتی گولیوں سے زخمی ہوئے۔
خیال رہے کہ خضر نامی علاقہ گذشتہ تین دن سے کشیدگی کا مرکز ہے۔ تین روز قبل اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 14 سالہ محمد شحادہ شہید ہوگیا تھا جس کے بعد یہ علاقہ کشیدگی کی لپیٹ میں ہےشہریوں میں قابض اسرائیلی فوج کے خلاف شدید غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی بارگاہ جناب معصومہ قمؑ میں حاضری، ملکی سلامتی و استحکام کی دعا
دوسری جانب جمعرات کو قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں اسلامی اوقاف کی چیریٹی کمیٹی کے اہلکار خضر ابو ہدوان کو مسجد اقصیٰ سے گرفتار کر لیا۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ قابض فوج نے ابو ہدوان کو گرفتار کرنے کی وجہ بتائے بغیر ’’باب المجلس‘‘ (مسجد اقصیٰ کے دروازوں میں سے ایک) میں فرینڈشپ کمیٹی کے ہیڈ کوارٹر کو بند کرنے پر مجبور کیا۔
گذشتہ برسوں کے دوران قابض انٹیلی جنس نے مسجد اقصیٰ سے وہاں تعینات افراد اور القدس کے اوقاف میں کام کرنے والوں کے خلاف گرفتاری اور ملک بدری کے کئی فیصلے جاری کیے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ’’القدس اوقاف‘‘ اردن کی وزارت اوقاف کا ایک محکمہ ہے، اور یہ بین الاقوامی قانون کے تحت مسجد اقصیٰ کا باضابطہ نگران ہے۔اردن کواسرائیلی قبضے سے قبل ان مقدس مقامات کی نگرانی کرنے والا آخری مقامی اتھارٹی سمجھا تھا۔