شام: دمشق اور قنیطرہ پر اسرائیل کا میزائلی حملہ ناکام

شیعیت نیوز: شام پرتازہ ترین جارحیت میں غاصب صیہونی فوج نے دمشق کے مضافاتی علاقے پر میزائل فائر کئے جسے شامی فوج کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے ناکام بنا دیا۔ دوسری طرف صیہونی فوج نے شام کے شہر قنیطرہ پر میزائل حملہ کیا ہے۔
سانا نیوز کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی فوج نے کل دمشق پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائیل داغے جسے شامی فوج نے ناکام بنا دیا تاہم ان حملوں میں شام کے 3 فوجی جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق، صیہونی فوج نے شام کے مقبوضہ جولان کے علاقے سے، جس پر صیہونی حکومت نے 1967 سے قبضہ کر رکھا ہے، یہ میزائیل فائر کئے۔ شامی فوج نے زیادہ تر میزائل کو ہوا میں ہی تباہ کر دیا۔
دوسری جانب غاصب صیہونی فوج نے مقبوضہ جولان سے جنوبی شام کے شہر قنیطرہ میں کچھ جگہوں کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل حملوں کا نشانہ بنایا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ جولان کے خط فاصل کے پاس واقع رویحینہ دیہات میں واقع ایک فوجی علاقے پر حملہ کیا ہے۔مقبوضہ جولان میں خط فاصل انیس سو چوہتر کی جنگ بندی معاہدے کے تحت قائم کی گئی تھی اور وہاں اقوام متحدہ کی محافظ امن فوج تعینات ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ و مغرب روس کو ’’میڈیا دہشت گردی‘‘ کا نشانہ بنا رہا ہے، وزیرخارجہ فیصل المقداد
تل ابیب بحران شام کے دوران مقبوضہ جولان کے علاقے سے جنوب مغربی شام کے صوبہ قنیطرہ میں دہشت گرد گروہوں کی مدد کرتا رہا ہے۔ حکومت شام نے بارہا اقوام متحدہ کو خط لکھ کر صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت کی ہے۔
شامی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں بیروت اور مقبوضہ جولان کی طرف سے شام پر صیہونی فوج کی بزدلانہ جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جارحیت بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے منشور اور لبنان و شام کے بارے میں اسکی قراردادوں بالخصوص 1974 کی قرارداد 350 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ شام کا بحران، دوہزار گیارہ میں سعودی عرب ، امریکہ اور اس کے بعض اتحادیوں کی حمایت و مدد کے حامل داعش دہشت گرد گروہ کے حملے سے پیدا کیا گیا تھا اور اس کا مقصد علاقے کے توازن کو صیہونی حکومت کے حق میں تبدیل کرنا تھا۔
یاد رہے کہ خود ساختہ صیہونی حکومت، شام میں دہشت گردوں کی مکمل شکست سے تشویش میں مبتلا ہے۔