علامہ راجہ ناصرعباس و دیگرایم ڈبلیوایم قائدین کاباوفا ،بہادر اور قابل اعتماد ساتھی یعقوب حسینی کی وفات پر اظہار تعزیت
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سب ساتھیوں کی خدمت میں بالعموم، صوبہ سندھ کے مجلس کے دوستوں اور حجت الاسلام آقای سید باقر عباس زیدی اور ان کی کابینہ کی خدمت میں بالخصوص تسلیت اور تعزیت عرض کرتا ہوں

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےسربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سمیت صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ باقرعباس زیدی و دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے سینیئر رکن اور مجاہد ومبارز رہنما محمد یعقوب حسینی کی ناگہانی وفات پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ عزیز از جان برادر یعقوب کی ناگہانی وفات پر سب دوستوں کی خدمت میں تسلیت و تعزیت عرض کرتا ہوں۔ ہمیں ایک بہترین دوست، باوفا ،بہادر اور قابل اعتماد ساتھی داغ مفارقت دے گیا ہے، یقینا برادر یعقوب مرحوم کی وفات ہم سب کے لئے ایک اجتماعی خسارہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تکفیریوں کی آنکھ کا کانٹا، سندھ کے مجاہد ومبارزشیعہ رہنما یعقوب حسینی داعی اجل کولبیک کہہ گئے
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سب ساتھیوں کی خدمت میں بالعموم، صوبہ سندھ کے مجلس کے دوستوں اور حجت الاسلام آقای سید باقر عباس زیدی اور ان کی کابینہ کی خدمت میں بالخصوص تسلیت اور تعزیت عرض کرتا ہوں، نیز برادر یعقوب حسینی مرحوم کے اہل خانہ اور پسماندگان سے بھی تسلیت اور تعزیت کرتا ہوں۔خدا وند متعال کی بارگاہ میں دعا ہے کہ وہ ہمارے مرحوم ساتھی کی مغفرت فرمائے، جوار معصومین نصیب کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور اپنی بارگاہ سے صابرین کا بہترین اجر انہیں عطا کرے۔
آمین یا رب العالمین بحق محمد و آل محمد ع