مقبوضہ فلسطین

حماس سربراہ اسماعیل ھنیہ کا بھوک ہڑتالی اسیر ابو حواش کے خاندان سے رابطہ

شیعیت نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے اسرائیلی جیل بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدی ہشام ابو حواش کے گھر والوں سے رابطہ کیا اور فلسطینی اسیر سے اظہار یکجہتی کیا۔

اسماعیل ھنیہ نے فلسطینی اسیران کے حوالے سے حماس کے مؤقف کا ایک بار پھر سے اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ابو حواش کی اس جنگ میں فتح پر پورا یقین ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حماس اسلامی جہاد تنظیم کے ارکان سے اظہار یکجہتی کرتی ہے اورہم  ابو حواش کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لئے کچھ عرب پارٹیوں سمیت دیگر ذمہ داران سے رابطے میں ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ابو حواش کی کوششیں ضرور رنگ لائیں گی۔ اسیران کے خلاف اسرائیلی جرائم ضرور ایک دن ختم ہونگے۔

فلسطینی اسیر ہشام ابو حواش اپنی انتظامی گرفتاری کے خلاف 135 دنوں سے بھوک ہڑتال کئے ہوئے ہیں۔اسرائیلی حکام انتظامی حراست کا کالا قانون استعمال کرتے ہوئے فلسطینی رہنمائوں کو بغیر کسی مقدمے یا عدالت میں پیشی کے بغیر چھ ماہ  قید رکھ سکتی ہے۔اسرائیلی عدالت اس قید میں غیر معینہ مدت تک چھ چھ ماہ کی توسیع کر سکتی ہے۔

اسیر ابو حواش کو 27 اکتوبر 2020 کو حراست میں لیا گیا تھا اور ان کی انتظامی حراست میں دوبار توسیع کی جاچکی ہے۔

ابو حواش کے خاندان نے خبردار کیا ہے کہ بھوک ہڑتال کے سبب ہشام کی جان کو خطرہ ہے اور اسرائیلی حکام کو ناجائز حراست ختم کرنا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : قلندیہ مہاجر کیمپ ، اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین فلسطینی نوجوان زخمی

دوسری جانب اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے مسئلہ فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کی مخالفت کے لئے الجزائر کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے الجزائری حکام اور عوام کی تحسین کی ہے۔

یہ بات حماس کی پولٹ بیورو کے رکن سامی ابو زھری کی زیر قیادت الجزائر میں ملاقاتوں میں مصروف وفد کی جانب سے سامنے آئی ہے۔

حماس کی آفیشل ویب سائٹ کےمطابق حماس کے وفد نے الجزائر کے ایوان زیریں "پیپلز نیشنل اسمبلی”کے عہدیداران اور قومی رہنمائوں سمیت نیشنل کونسل برائے انسانی حقوق،نیشنل لبریشن فرنٹ، نیشنل ڈیموکریٹک اسمبلی، فیوچر فرنٹ پارٹی، تحریک برائے امن اور مسلم امہ ایسوسی ایشن الجزائر کے رہنمائوں سے ملاقات کی۔

ان ملاقاتوں کے دوران حماس نے الجزائری صدر عبدالماجد تبون کی جانب سے فلسطینی حلقوں کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش کا خیر مقدم کیا۔

وفد نے الجزائری عہدیداران اور قومی رہنمائوں کو فلسطین میں ہونے والے حالیہ واقعات بالخصوص بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ میں ہونے والی کشیدگی سے آگاہ کیا۔  اس کے علاوہ الجزائری حکام کو غزہ کے مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button