اہم ترین خبریںایران

دشمن کو مظلوم اور ظالم کی جگہ تبدیل کرنے کا موقع نہ دیا جائے، رہبر معظم انقلاب اسلامی

شیعیت نیوز: رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے نرس ڈے کی مناسبت سے نرسوں کے ایک گروپ اور شہدائے صحت کے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات میں گذشتہ 42 سال کے حوادث و واقعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر حقائق کو بیان نہ کیا گيا تو دشمن جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعہ ظالم اور مظلوم کی جگہ بدل دے گا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے کربلا کی شیر دل خاتون حضرت زینب سلام اللہ علیھا کی ولادت اور نرس ڈے کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ کربلا کی عظيم الشان خاتون حضرت زینب سلام اللہ علیھا نے عملی طور پر ثابت کردیا ہے کہ عورت کی عزت و عظمت کو ماضی اور حال میں نشانہ بنانے والے ستمگروں کی کوششوں کے باوجود عورت صبر و تحمل کا ایک عظيم سمندر اور عقل و خرد کی عظیم بلندی پر فائز ہوسکتی ہے ۔

رہبر انقلاب اسلامی نے حضرت زینب (س) کی شاندار استقامت اور عظیم الشان خطبوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ حضرت زینب(س) نے حقائق کو بیان کرکے یزید ملعون کے دربار میں ہلچل مچا دی اورحضرت زینب (س) کے خطبے کوفہ میں توابین کے قیام کا سبب بن گئے۔ حضرت زینب (س) نے حقائق اور واقعیات کو بیان کرکے دشمن کو حقائق بدلنے کی اجازت نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیں : غاصب صیہونی حکومت کے وزیراعظم نفتالی بینٹ متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ معاشرے ، سماج اور تاریخ کے حقائق کو بیان کرنا چاہیے ورنہ دشمن ظالم کی جگہ مظلوم اور مظلوم کی جگہ ظالم سے تبدیل کردے گا۔

آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے نرسوں کے اقدامات کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ نرسیں بیماروں کی تیمارداری ،صحت و سلامتی کے سلسلے میں اپنے آرام و آسائش کو نظر انداز کرکے انھیں آرام و سکون فراہم کرنے کی کوشش میں مصروف رہتی ہیں ۔ نرسوں کا حق قوم کے ہر فرد کی گردن پر ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ نرسوں اور میڈیکل عملے نے دفاع مقدس کے دوران اور کورونا وبا کے دوران گرانقدر خدمات انجام دی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی انھیں اجر مضاعف عطا کرےگا۔

آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے نرسوں کے مطالبات کے مسئلے پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ نرسنگ کمیونٹی کو مضبوط کرنا ملک کے حال اور مستقبل کی ایک اہم ضرورت ہے اور متعلقہ حکام کو نرسنگ کمیونٹی کے مطالبات کو پورا کرنے پر خاص توجہ مبذول کرنی چاہیے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اللہ تعالی کی ذات پر توکل، اعتماد اور تلاش و کوشش پر تاکید کرتے ہوئےفرمایا کہ ایرانی قوم کا مستقبل درخشاں اور تابناک ہے اور اللہ تعالی ایرانی قوم کو دشمنوں پر فتح اور کامیابی عطا فرمائےگا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button