اسرائیل کے جنگی طیاروں کا شام کے ساحلی شہر لاذقیہ کی بندرگاہ پر حملہ

شیعیت نیوز: اسرائیل کے جنگی طیاروں نے شام کے ساحلی شہر لاذقیہ کی بندرگاہ کے قریب بعض اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے منگل کی صبح سویرے شمال مغربی شہر لاذقیہ کی بندرگاہ پر واقع کمرشل کنٹینر ٹرمنل کو راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس حملے کے بعد شام کے ایئرڈیفنس سسٹم کو دشمن کے حملے کی روک تھام کے لیے پوری طرح فعال کردیا گیا ہے۔
شامی حکومت بارہا کہہ چکی ہے کہ صیہونی حکومت اور اس کے علاقائی اور مغربی اتحادی دمشق کے خلاف جنگ میں دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔
شامی فوج نے متعدد بار اعلان کیا ہے کہ اس نے ملک کے مختلف علاقوں میں جاری آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسرائیلی ساخت کے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیے ہیں۔
اسرائیل کے جنگی طیارے لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یا مقبوضہ جولان کے راستے ، مشرقی اور شمالی شام پر حملے کرتے رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شام میں دشمنوں کے خلاف مزاحمت کا راستہ جاری رکھا جائے گا، علی اکبر ولایتی
دوسری جانب شام کے فوجی جوانوں نے صوبہ الحسکہ میں امریکی فوجیوں کے کاروان کا راستہ روک کر انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے دہشت گرد فوجی شام کے شمال مشرقی صوبے الحسکہ کے قامشلی علاقے سے’’الصالحیہ‘‘ کی جانب جانا چاہتے تھے لیکن شام کے فوجی جوانوں نے امریکی فوجیوں کے کاروان کا راستہ روک کر انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا جس کے بعد امریکی فوجی واپس جانے پر مجبور ہوئے۔ امریکی فوج کے کارروان میں 5 بکتر بند گاڑیاں اور کئی فوجی شامل تھے۔
اس سے قبل بھی شام کی فوج نے قامشلی علاقے الوفا اسکوائر کے چیک پوسٹ اور الکازیہ گزرگاہ پر بھی امریکی دہشت گردوں کا راستہ روک کر انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا تھا۔
ایک طویل عرصے سے امریکہ کے باوردی دہشت گرد اور ان کے حمایت یافتہ دیگر دہشت گرد ٹولے شام کے شمالی اور مشرقی علاقوں پر قابض ہیں اور روزانہ کی بنیادوں پر اس ملک کے تیل اور دیگر ذخائر کی لوٹ مار میں مصروف ہیں اور ساتھ ہی وہ شامی عوام کے لئے بڑی مشکلات بھی کھڑی کرتے رہتے ہیں۔
شام کی حکومت بارہا اقوام متحدہ میں امریکہ کی غیر قانونی موجودگی اور اس کے دہشت گردانہ اقدامات پر اعتراض درج کرا چکی ہے تاہم ابھی تک یہ عالمی ادارہ دہشت گردی کے خلاف امریکہ کے نام نہاد اتحاد کو شام میں اپنی من مانیوں سے روکنے میں ناکام رہا ہے۔