دنیا

افغانستان کے صوبے پنج شیر میں طالبان کے گورنر بم دھماکے میں بال بال بچ گئے

شیعیت نیوز: افغانستان کے صوبہ پنج شیر میں طالبان کے گورنر ملا قدر اللہ سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں بال بال بچ گئے تاہم ان کے محافظ شدید زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق افغانستان کے صوبے پنج شیر میں سڑک کنارے نصب اُس وقت زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے طالبان کے گورنر ملا قدر اللہ کی گاڑی گزر رہی تھی۔

حملے میں ملا قدر اللہ محفوظ رہے تاہم ان کے محافظ شدید زخمی ہوگئے اور گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد طالبان اہلکاروں نے علاقے کا گھیراؤ کرلیا۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

پنج شیر وہ واحد صوبہ ہے جہاں اب تک طالبان کی عمل داری مکمل طور پر نافذ نہیں ہوسکی ہے۔ احمد شاہ مسعود کے بیٹے کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کی طالبان کے ساتھ وقتاً فوقتاً جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی جیلوں میں دو فلسطینی قیدیوں کی بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال جاری

دوسری جانب طالبان اور پنج شیر مزاحمتی محاذ کے نام سے موسوم گروہ نے مذاکرات کے اختتام تک ایک دوسرے کے ٹھکانوں پر حملہ نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

افغان نیوز ایجنسی آوا کی رپورٹ کے مطابق احمد مسعود کے زیر قیادت پنج شیر مزاحمتی محاذ نامی گروہ کے ایک رکن نے کہا ہے کہ صوبہ پروان میں طالبان کے ساتھ ہونے والے پہلے دور کے مذاکرات میں فریقین نے طے کیا ہے کہ مذاکرات کے اختتام تک ایک دوسرے کے اڈوں پر حملے نہیں کریں گے۔

اس نشست میں طالبان کے وفد کی قیادت طالبان کی عارضی حکومت کے ادارہ انٹیلیجنس کے سربراہ محمد محسن ہاشمی اور پنجشیر مزاحمتی محاذ کی قیادت محمد الیاس زاہد کر رہے ہیں۔

پنج شیر مزاحمتی محاذ کے رکن محمد علم ایزدیار نے اس ملاقات کے بعد سوشل میڈیا فیس بک پیج پر کہا ہے کہ طے پایا ہے کہ فریقین ایک دوسرے کا پیغام اپنے اعلی حکام تک پہنچائیں گے اور ملک میں مستقل قیام امن و ثبات کے لئے مذاکرات جاری رکھیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button