عزاداروں پر بلاجواز ایف آئی آر، شیعہ علماء کونسل کے وفد کی سیکریٹری داخلہ سندھ سے ملاقات

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل سندھ کے وفد نے صوبائی صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی کی سربراہی میں سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی شاہد پرویز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کے اہم مسائل پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر علامہ اسد اقبال زیدی نے اربعین حسینی کے موقع پر بلاجواز کاٹی جانے والی ایف آئی آر، فورتھ شیڈول، کراچی، بدین، نوشہرو فیروز، خیرپور سمیت صوبے کے اہم ترین معاملات پر بات چیت کی۔
اس موقع پر سیکریٹری داخلہ نے معاملات کو حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے احکامات جاری کیے اور مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
سیکریٹری داخلہ سے ملاقات میں صوبائی سیکریٹری اطلاعات علی نقوی، صوبائی اعزازی نائب صدر ذوالفقار حیدر، صوبائی مشیر مولانا غلام سرور شریعتی، صوبائی مشیر انجینئر افتخار مہدی، کراچی ڈویژن کے صدر علامہ کامران حیدر عابدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری آفتاب مرزا شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں : شکارپور کے وارثان شہداء کو ابھی تک انصاف نہیں ملا، علامہ مقصود ڈومکی
دوسری طرف شیعہ علماء کونسل کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام تحریک جعفریہ پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری شہید انور علی اخونزادہ کی برسی کی مناسبت سے تعزیتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔
نشست کا آغاز ارسلان حسین رضوی نے ترانہ شہادت کے ذریعے کیا، بعد ازاں نشست کے دوران شیعہ علماء کونسل سندھ کے مسئول برائے شعبہ تبلیغات و تربیت علامہ عابد رضا عرفانی نے شہید انور علی اخونزادہ کے افکار و نظریات پر مفصل گفتگو کی۔
اس موقع پر ایس یو سی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات علی نقوی نے شہید کے خانوادے کا پیغام کراچی ڈویژن کے ذمہ داران و کارکنان تک پہنچایا اور شہید انور علی اخونزادہ کے خانوادے کو خراج عقیدت پیش کیا۔
نشست میں مرکزی نائب صدر حسنین مہدی رضوی، سندھ کے مشیر انجینئر افتخار مہدی رضوی، کراچی ڈویژن کے صدر علامہ کامران حیدر عابدی، جنرل سیکریٹری آفتاب مرزا و دیگر علماء کرام، عہدہ داران و کارکنان نے شرکت کی۔