آئینی شہری آزادیوں کیلئے لائحہ عمل کا اعلان ہو سکتا ہے، علامہ ساجدعلی نقوی
شیعیت نیوز: علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ عوامی حقوق کے حصول پر کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ ہی آئینی اور شہری آزادیوں کے حصول میں کسی قربانی سے دریغ کریں گے،سیاسی و عملی جدوجہدجاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 73 ءکے دستور میں 40 کے قریب آرٹیکلز عوامی حقوق کی ضمانت دیتے ہیں جب تک ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوام کی قدردانی نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
پڑوسی ملک میں کسانوں کی تحریک عوامی حقوق کے حصول کےلئے سنگین مشکلات کے باوجود اتحاد کے ساتھ اس تحریک نے ایوان اقتدار کو ہلاکر رکھ دیا ، حکومت کو ظالمانہ اقدامات کو واپس لینے پرمجبور کردیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ وہ قومیں ، معاشرے یا ریاستیں موجود ہ ترقیاتی یافتہ دور میں آگے بڑھتی ہیں جنہیں آزادانہ ماحول ، جمہوری ، آئینی و بنیادی حقوق کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو، 73 ءکا آئین ایک طویل جدوجہد کے بعد کے متفقہ طور پرسامنے آیا جس میں 40کے قریب آرٹیکلز عوامی حقوق کی ضمانت دیتے ہیں جس میں تمام شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں : یورپی پارلیمنٹ کی سعودی عرب کی انسانی حقوق کی خاتون کارکنوں کی حمایت کا اعلان
ہم ایک عرصہ سے متوجہ کرتے آئے ہیں کہ جب تک آئین کی بالا دستی، قانون کی حکمرانی، بنیادی انسانی حقوق اور آئین میں فراہم کی گئی شخصی آزادی کا تحفظ یقینی نہیں بنایا جاتا ترقی یافتہ اور مہذب معاشرے کی تشکیل ناممکن ہے ، افسوس آج معاشرے کا ہر طبقہ پریشان اور عدم تحفظ کا شکار ہے ، بچو ں سے زیادتیوں سمیت راہ چلتے شہریوں کے جان و مال پر آئے روز حملوں کی خبریں تواتر کے ساتھ آرہی ہیں تو دوسری طرف ہوش ربا مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے اس پرمستزادیہ کہ شہری آزادیو ں کو مسلسل سلب کرکے ماحول کو مزید گھٹن زدہ بنا یا جارہاہے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ ایک خاص پالیسی کے تحت ملک بھر میںعوامی حقوق کو پامال کیا جارہاہے ایک طرف ”ریاست ماں جیسی“ کا تصور تو دوسری جانب قانونی اور جائزرسومات کی ادائیگیوں پر مقدمے درج کرکے معزز و محترم شہریوں کی تذلیل کی جارہی ہے جو سراسر زیادتی ، شہری آزادیوں پر حملہ اور تکفیری مائنڈ سیٹ ایجنڈے کی تکمیل کے مترادف ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بحرینی عوام کا موروثی آل خلیفہ حکومت کے خلاف مظاہرہ، سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ
انہوں نے کہا کہ ہم ایک عرصے سے ان زیادتیوں پر عوام کو صبر کی تلقین کرنے کے ساتھ ارباب اختیار کو متوجہ کرچکے ہیں مگر ایک طرف نا انصافی دوسری طرف شہری آزادیوں کو سلب کرنے کاتسلسل ہے ، ان حالات میں قوم آمادہ رہے عوامی حقوق کے حصول کےلئے لائحہ عمل کا اعلان کیا جاسکتا ہے اس کے ساتھ ہی یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ عوامی حقوق پر کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ ہی اس سلسلے میں ہم کسی قربانی سے دریغ کرینگے کیونکہ پرامن احتجاج بنیادی ، آئینی اور شہری حق ہے یہ ہم اپنے حقوق کی ضمانت لئے بغیرمطمئن نہیں ہونگے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے پڑوسی ملک بھارت میں کسان تحریک کی کامیابی پر اسے عوامی حقوق کی حالیہ تحریکوں میں ایک بڑی مثال قرار دیتے ہوئے کہاکہ مشکلات کے باوجود کسان اپنے موقف پر قائم رہے اور بالآخر ایوان اقتدار ہل کر رہ گئے اور بھارتی حکومت نے اس عوامی غیض و غضب کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے تینوں ظالمانہ قوانین کو واپس لے لیا۔







