ایم ڈبلیوایم اور پی پی پی کےروابط میں تیزی ، ناصرشیرازی کی وفد کےہمراہ نیئربخاری سے ملاقات
شیعیت نیوز: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نیئر بخاری سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد کی ملاقات ۔وفد میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی ،مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی اور مرکزی راہنما اقرار حسین ملک شامل تھے ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کالعدم جماعتوں کے حوالے سے حکومتی پالیسی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنماوں نے اسے قومی مفادات کے برعکس قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: دیگر ممالک کی طرح بھارت سے بھی زائرین با آسانی زیارت کو آسکیں گے، آیۃ اللہ بشیر نجفی
مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ شدت پسند قوتوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی لچک کے مظاہرے سے عالمی سطح پر ملک کی ساکھ خراب ہو گی۔وہ عالمی ادارے جو پاکستان پر اقتصادی پابندیاں لگانے کے خواہاں ہیں ریاست انتظامی کمزوری دکھا کر انہیں جواز فراہم نہ کرے۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے انہیں جرات مندانہ اور عوامی امنگوں کا عکاس قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران نے کمال کردیا، پاکستان کے ساتھ 5ارب ڈالر کا تجارتی معاہدہ،تیل کی کمی بھی پوری ہوگی
نیئر بخاری نے کہا کہ ممتاز عوامی رہنما اور پیپلز پارٹی کی سربراہ بے نظیر بھٹو کو ہم سے چھیننے والے یہی شدت پسند عناصر ہیں جو بھیس بدل بدل کر سامنے آ رہے ہیں۔ایسے ملک دشمنوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہئے۔ موجودہ حکومت نے کالعدم جماعتوں کے ساتھ لچک دکھا کر کمزوری کا مظاہرہ کیا ہے۔کوئی بھی محب وطن ا ایسے غیردانشمندانہ فیصلے کی تائید نہیں کر سکتا۔ ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ کسی بھی حکومت کی عوامی مقبولیت صرف اسی صورت میں جاری رہ سکتی ہے جب اسکے فیصلے ملکی مفادات کے تابع ہوں۔ نیئر بخاری نے وفد کا شکریہ ادا کیااور ملکی مفاد کے لئے مشترکہ جدوجہد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔







