اہم ترین خبریںپاکستان

آئی ایس او کے تحت جامعہ کراچی میں یوم مصطفیٰ ؐ کا انعقاد،شیخ الجامعہ،اساتذہ، شیعہ سنی علماءسمیت طلبہ و طالبات کی شرکت

علامہ باقر زیدی کا کہنا تھا کہ آج پاکستان بالخصوص تعلیمی اداروں کو اسلام دشمن عناصر و پاکستان دشمن قوتوں نے اپنے نشانہ پر رکھا ہوا ہے

شیعیت نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن جامعہ کراچی یونٹ و دفتر مشیر امور طلبہ کی جانب سے یوم مصطفی (ص) کا انعقاد پارکنگ ایریا نزد ایڈمنسٹریشن بلاک میں کیا گیا، پروگرام کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے کی، جس میں اساتذہ سمیت طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

دین محمد (ص) پیغام محبت کے عنوان سے منعقدہ یوم مصطفیٰ (ص) سے امت واحدہ کے سربراہ معروف عالم دین علامہ امین شہیدی، مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ سید باقر عباس زیدی، معروف اہلسنت عالم دین منظرالحق تھانوی اور آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر عسکری زیدی نے بھی خطاب کیا جبکہ معروف نوحہ خواں شادمان رضا سمیت دیگر نے بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ یوم مصطفیٰ (ص) میں اے پی ایم ایس او، پنجابی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن سمیت دیگر طلبہ تنظیموں کے رہنما بھی شریک تھے۔

یوم مصطفی (ص) میں طلباء و طالبات سے اپنے صدراتی خطاب میں شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ رسول پاک (ص) کی سیرت طیبہ پر عمل پیراہوکر ہی ہم ایک اچھے انسان اور مسلمان بن سکتے ہیں، آج ہم کردار سازی کی بات کرتے ہیں اور بحیثیت والدین اپنے بچوں کی کردار سازی کے حوالے سے فکر مند رہتے ہیں، ہمارے پیارے نبی (ص) نے اپنی عملی زندگی سے ثابت کرکے دکھایا کہ کردار سازی کیسی ہونی چاہیئے، نبی کریم (ص) نے اپنی ذات سے ثابت کیا کہ وہ صادق اور امین ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان حکومت اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان آخر کار وہی ہوا جس کا ڈر تھا

ڈاکٹر خالد عراقی کا مزید کہنا تھا کہ رسول اللہ (ص) کی ذات تمام مسلمانوں کے لئے مشعلِ راہ ہے، رسول اللہ (ص) کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر انسان اپنی اصل منزلت تک رسائی ممکن بنا سکتا ہے، طلبہ و طالبات رسول اللہ (ص) کی تعلیمات پر غور و فکر کریں اور اپنی تحقیقی صلاحیتوں میں بہتری لائے۔

علامہ امین شہیدی نے کہا کہ آج اس یوم مصطفیٰ (ص) کے انعقاد سے بات واضع ہوتی ہے کے نوجوان نسل اسلام اور عشق رسول (ص) سے لبریز ہے، ایک طرف دنیا بھر میں مسلمانوں پر اقتصادی اور ثقافتی یلغار ہے اور نوجوان نسل کو دین و اسلام سے دور کرنے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے، امریکا و اسرائیل اپنی بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ نوجوان اسلام سے دور ہوجائیں مگر دشمن اس بات سے لاعلم ہے کہ ہمارے نوجوان، اسلام سے مربوط ہیں اور اسلام کی سربلندی کے لئے کوشاں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے نوجوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں کہ وہ نوجوانوں کو اسلام سے قریب کرنے کے لئے عملی میدان میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاشیں لیکر بیٹھنے والوں کو بلیک میلرکہنےوالے وزیر اعظم عمران خان لاشیں گرانے والوں سے بلیک میل ہوگئے، علامہ سبطین سبزواری

علامہ باقر زیدی کا کہنا تھا کہ آج پاکستان بالخصوص تعلیمی اداروں کو اسلام دشمن عناصر و پاکستان دشمن قوتوں نے اپنے نشانہ پر رکھا ہوا ہے، کبھی ہمارے تعلیمی اداروں میں غیر اسلامی اور غیر ملکی یوم منائے جاتے ہیں، مگر آج اس یوم مصطفی (ص) سے ان تمام عناصر کا منہ کالا ہوگیا، طلباء کی اس بڑی تعداد کا یہاں موجود ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ مسلمان کل بھی عشق رسول (س) میں لبریز تھے اور آج بھی ہیں، ان کا جینا مرنا سب اسلام اور نبی پاک (ص) کے لئے ہے۔

مولانا منظر الحق تھانوی کا کہنا تھا کہ عشق رسول (ص) مسلمانوں میں وحدت اور اخوت کے جذبے کو پروان چڑھاتی ہے، تعلیمی اداروں میں نبی (ص) کے عاشقوں کی موجودگی اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں اور جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ یہاں فرقہ واریت ہے وہ احمق ہیں۔ عسکری زیدی کا کہنا تھا کہ یوم مصطفی (ص) کے انعقاد پر تمام طلباء کو سلام پیش کرتا ہوں اور اساتذہ کرام کا مشکور ہوں جنہوں نے ہماری رہنمائی کی اور اس یوم کے انعقاد میں ہمارا ساتھ دیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button