بھارتی شہر آگرہ میں گرفتار کشمیری طلباءکے والدین سرینگرمیں سراپا احتجاج
شیعیت نیوز: بھارت پاک کرکٹ ٹیموں کے مابین کرکٹ میچ کے بعد آگرہ میں گرفتار کئے گئے 3 کشمیری طلبہ کے اہل خانہ نے سرینگر میں احتجاج کرتے ہوئے اپنے بچوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والا ایک کنبہ جمعہ کو پریس کالونی میں نمودار ہوا، جنہوں نے مطالبہ کیا کہ آگرہ میں گرفتار کئے گئے ان کے بیٹے کو رہا کیا جائے۔
شوکت احمد گنائی کے اہل خانہ نے کہا کہ ان کے بیٹے کو جرم بے گناہی میں آگرہ میں حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوکت احمد ایک غریب کنبے سے تعلق رکھتا ہے اور وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے آگرہ میں تھا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں برسراقتدار کسی کی بھی حکومت پر ہرگز کوئی اعتماد نہیں کیا جا سکتا، سعید خطیب زادہ
شوکت احمد کی والدہ حفیظہ اختر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں مودی حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ میرے بیٹے کو معاف کر کے انہیں رہا کیا جائے تاکہ وہ اپنی پڑھائی جاری رکھ سکے۔
انہوں نے کہا کہ انکا بیٹا، ان کے لئے ایک ہی امید ہے اور وہ اسے سلاخوں کے پیچھے نہیں دیکھ سکتی۔ گرفتار طالب علم کی والدہ نے جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ اس معاملے میں ذاتی مداخلت کریں اور ان کے بیٹے کی رہائی ممکن بنانے میں اپنا رول ادا کریں۔







