عراق

اربعین کے موقع پر بڑی دہشت گردی ناکام، 500 کیلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد

شیعیت نیوز: عراق کے ساتھ ملنے والی شام کی سرحد پر 500 کیلو گرام دھماکہ خیز مواد پکڑا گیا ہے جسے عراق میں داخل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

عراقی فوج نے اطلاع دی ہے کہ اس نے شام کی سرحد پر 500 کیلوگرام دھماکہ خیز مواد پکڑا ہے جسے عراق منتقل کرنے کی کوشش ہو رہی تھی۔

عراق کی انسداد دہشت گردی فورسز نے منگل کو بتایا کہ انہوں نے صبح 500 کیلو گرام دھماکہ خیز ٹی این ٹی قبضے میں لی جو 18 بوریوں میں بھری ہوئی تھی جسے عراق منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ اس معاملے میں کچھ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

خاص بات یہ ہے کہ کل عراق میں امام حسین علیہ السلام کا چہلم منایا جا رہا تھا۔ عراق کے مقدس شہر کربلا میں امام حسین کے لاکھوں زائرین اربعین حسینی کے پروگرام میں مصروف تھے۔

عراقی ذرائع کے مطابق کچھ مشتبہ افراد جو اس دھماکہ خیز مواد کو شام سے عراق پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے ایک کار میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔

فوج کا کہنا ہے کہ دھماکہ خيز مواد کو بہت ہی چالاکی سے عراق کے سرحدی گاؤں نعیم لایا جانا تھا۔ عراق کی شام سے متصل سرحد کے صوبہ نینوا اور الانبار میں دہشت گرد گروہ داعش کی سرگرمیاں زیادہ ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عراقی سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ایسے گروہ کو گرفتار کیا تھا جو اربعین حسینی کے موقع پر تخریبی کارروائیاں کرنا چاہتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : عراق، اربعین واک پر 16 ملین سے زائد زائرین کی شرکت

دوسری جانب عراق کی رضاکار فورس حشد الشعبی نے دارالحکومت بغداد پر داعش کے حملے کو پسپا کر دیا۔

عراقی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ حشد الشعبی کے جوانوں نے منگل کو شمالی بغداد میں واقع الطارمیہ کے علاقے پر داعش کے حملے کو ناکام بنا دیا۔

حشدالشعبی کی جوابی کارروائی میں داعش دہشت گرد فرار کرنے پر مجبور ہوئے تاہم ان کا ایک سرغنہ ہلاک کر دیا گیا۔

عراق کے مختلف علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لئے شب و روز عراقی فوج اور رضاکار فورس حشدالشعبی کی جدوجہد کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button