عراق

عراقی حکومت جلد از جلد امریکیوں کے انخلاء پر مبنی پارلیمنٹ کے بل پر عملدرآمد کرے، الزبیدی

شیعیت نیوز: عراق کے معروف سیاسی رہنما اور تحریک نجات عراق کے سیکرٹری جنرل جابر الزبیدی نے عراقی حکومت سے امریکی فوجیوں کے فوری انخلاء کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں بیرونی فوجیوں کی ہر قسم کی موجودگی، چاہے وہ جنگی مقاصد کیلئے ہو یا مشورتی امور کیلئے ہو، کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنے کا حق پارلیمنٹ کو حاصل ہے کیونکہ پارلیمنٹ عراقی عوام کے ارادے اور مرضی کی نمائندگی کرتی ہے۔

ہماری پارلیمنٹ 5 فروری 2020ء کے دن بھاری اکثریت سے ملک سے امریکی فوجیوں کے جلد از جلد انخلاء پر مبنی بل منظور کر چکی ہے لہذا حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس بل پر عملدرآمد کرے۔

تحریک نجات عراق کے سیکرٹری جنرل جابر الزبیدی نے کہا کہ اس بارے میں گول مول بیانات کا کوئی فائدہ نہیں اور جو شخص بھی ایسے بیانات دیتا ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ملک میں غیر ملکی افواج کی موجودگی سے ذاتی فائدہ اٹھا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب کی بنیادی تنصیبات پر یمنی فوج اور انصار اللہ کا جوابی حملہ

جابر الزبیدی نے ملک میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کی حمایت کرنے والے عناصر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ہمارے اور ہمارے ہمسایہ ممالک کے قدرتی ذخائر پر نظریں لگائے بیٹھا ہے اور عراق کے صوبہ نینوا کے شمالی حصے اور شام کے شمال میں خام تیل چوری کرنے میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو عناصر بھی ملک میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کے حق میں بیانات دے رہے ہیں وہ ہماری قومی میراث کی اس لوٹ مار میں امریکہ کے شریک ہیں۔

تحریک نجات عراق کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عجیب بات ہے کہ امریکی فوجی عراق کے شمالی علاقوں کو اپنی آمدورفت کیلئے استعمال کر رہے ہیں اور ہماری سرحدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہماری حق خود ارادیت کو پامال کر رہے ہیں جبکہ ہماری حکومت اس بارے میں مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ امریکی فوجی عراقی حکومت کو اعتماد میں لئے بغیر اور اسے اطلاع دیے بغیر ہماری سرحدوں سے آتے جاتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button