دنیا

چین کی افغانستان میں قیام امن اور تعمیر نو کے لیے طالبان کو مشروط مدد

شیعیت نیوز: چین نے افغانستان میں قیام امن اور تعمیر نو کے لیے طالبان کو مشروط مدد کی پیشکش کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق چین کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ اگر طالبان شراکت داری پر مبنی حکومت قائم کرتے ہیں اور دہشت گرد جماعتوں سے دوری اختیار کرتے ہیں تو اس صورت میں افغانستان کی تعمیر نو و ترقی میں بھرپور مدد کریں گے۔

چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان وینگ وین بِن نے طالبان پر دہشت جماعتوں سے رابطے منقطع کرنے پر ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی حکومت کو خوش آمدید کہیں گے جس میں تمام طبقوں کی نمائندگی ہو۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ چین کو امید ہے کہ طالبان افغانستان میں تمام فریق افغان عوام کی خواہشات اور عالمی برادری کی توقعات کا احترام کریں گے اور سب کے لیے قابل قبول معتدل پالیسیاں بنائیں گے۔

طالبان کی حکومت تسلیم کرنے کے حوالے سے چینی ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت کے اعلان کے بعد ہی اس کا فیصلہ کیا جائے گا اور یہ اس بات پر بھی منحصر ہے کہ حکومت کے خدوخال کیا ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : درہ پنجشیر پر قبضے کے لئے طالبان کی کوششیں، سخت جنگ جاری

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سربراہ نے افغانستان میں انسانی المیے کےبارے میں سخت خبردار کیا ہے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے جاری کردہ بیان میں افغانستان میں انسانی اور اقتصادی بحران میں شدت اور خدماتی اداروں کے بھکر جانے کی جانب اشارہ کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں ایک انسانی المیہ رونما ہونے والا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے بیان میں تمام ملکوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افغان عوام کے لیے مناسب مالی معاونت کا انتظام کریں تاکہ ان کی ضروریات زندگی کو پورا کیا جاسکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان، بچوں، عورتوں اور مردوں کو ہر دور سے زیادہ آج عالمی برداری کی توجہ اور حمایت کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے نیٹو پر نکتہ چینی کی ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا ہے کہ افغانستان کے عوام دنیا کی اس بہترین تنظیم نیٹو کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button