اہم ترین خبریںمقبوضہ فلسطین

صیہونی حکومت نے غزہ کی مشرقی سرحد پر فوجی کمک میں اضافہ کردیا

شیعیت نیوز: قابض صیہونی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر فوجی کمک میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

فلسطین سے موصولہ اطلاعات کے مطابق غزہ کے علاقے میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان کے جھڑپوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

ہفتے اور اتوار کی رات اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر فضائی حملے کیے اور غزہ کی سرحد پر اپنی فوجی کمک میں اضافہ کر دیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے اعلان میں بتایا گیا ہے کہ غزہ کی سرحد پر صیہونی فوجی کمک میں اضافہ صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔

ادھر اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کے لڑاکا طیاروں نے وسطی غزہ میں فلسطینیوں کے ٹھکانوں پر تین میزائل برسائے۔

انہی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی ائیر فورس نے غزہ کی پٹی میں مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ یہ کارروائیاں غزہ کی پٹی میں نسلی امتیاز کی مظہر اسرائیلی دیوار کے پار فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوج کے درمیان ہونے والے واقعات کے بعد کی گئیں۔ ان واقعات میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ ایک اسرائیلی فوجی کو شدید زخم آئے۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ میں تباہ شدہ پلازوں کے بارے میں اسرائیلی دعویٰ جھوٹ پر مبنی تھا، ہیومن رائٹس واچ

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے بتایا کہ غزہ کی پٹی سے ہونے والی فائرنگ اور جھڑپوں میں ایک اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہو گیا۔

ادرعی نے مزید بتایا کہ دیوار فاصل کے پاس ہونے والے مظاہروں میں شامل کچھ فلسطینیوں نے اسرائیلی فوجی سے بندوق چھیننے کی کوشش کی، جسے اسرائیلی فوجی نے ناکام بنا دیا۔

دوسری جانب فلسطینی وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا ہے کہ مصر نے باضابطہ طورپر مطلع کیا ہےکہ غزہ کی واحد بین الاقوامی گذرگاہ کو دو طرفہ آمد ورفت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

فلسطینی وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے بتایا کہ مصری حکام نے بتایا ہے کہ رفح گذرگاہ کو دو طرفہ آمد ورفت کے لیے بند کیا گیا ہے۔ بندش کے اعلان کے بعد کل سوموار کو گذرگاہ بند رہی ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

رفح گذرگاہ جمعے اور ہفتے کے دنوں کے سوا باقی ایام میں کھلی رہتی ہے تاہم مصری حکام کی طرف سے گذرگاہ کی بندش کی وجہ بیان نہیں کی گئی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button