پاکستان میں بھی عالمی یوم علی اصغرؑ مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایاگیا،لاکھوں شیرخوار عزادار شریک
شیعیت نیوز: دنیا بھرکی طرح پاکستان بھرمیں بھی عالمی یوم حضرت علی اصغر ؑ کے موقع پر شیر خوار بچوں کی عزاداری کا انعقاد مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ کیا گیا، ملک کے طول وعرض میں ننھے وشیر خوار عزاداروں نے اپنے ماؤں کی گودیوں میں عزاداری کے ان اجتماعات میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی یوم علی اصغر علیہ السلام کے موقع پر لاہور میں قومی مرکز شادمان، امام بارگاہ پیر شبیر شاہ علی رضا آباد سمیت مختلف مقامات پر تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ امام بارگاہ پیر شبیر شاہ علی رضا آباد میں چھ ماہ سے تین سال تک کی عمر کے بچوں اور ان کی ماوں نے بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کی شرکاء کا استقبال کنیزان حضرت زہراء نے کیا۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد رکن پنجاب اسمبلی اور ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی رہنما سیدہ زہرا نقوی نے شریک خواتین سے عہد لیا اور نونہالوں کو امام رضا علیہ السلام کے حرم سے آئے مخصوص لباس دیئے گئے۔ اس موقع پر ماوں نے اپنے کمسن اور معصوم بچوں کو اپنی آغوش میں لے کر کربلا کے ششماہے کی ماں حضرت ربابؑ کی مظلومی و مصائب پر نوحہ و گریہ کیا۔
ماؤں نے اپنے بچوں کو سبز لباس پہنا رکھے تھے جبکہ بچوں کے ماتھے پر لبیک یا امام زماںؑ درج تھا اور خواتین نے اپنے بچوں کو راہ امام زماںؑ میں قربان کرنے کا عہد کیا۔ ایم پی اے سیدہ زہرا نقوی کا کہنا تھا کہ علی اصغر کربلا کے وہ عظیم شہید ہیں جنہوں نے اپنی ننھی مسکراہٹ سے یزیدیت کے عزائم خاک میں ملا دیئے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس عہد کا دن ہے کہ ہم اپنے معصوم بچوں کو صراط علی اصغر پر چلائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن پوری دنیا میں منانے کا مقصد حضرت علی اصغر کیساتھ عہد کا دن ہے۔ آخر میں آئے تمام حاضرین کو نذر جناب علی اصغر علیہ السلام تقسیم کی گئی۔ واضح رہے کہ عالمی یوم علی اصغر ہر سال محرم کے پہلے جمعے کو کربلا میں شہید کئے گئے بچوں خاص طور پر حضرت علی اصغر کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، پنجاب پولیس نے یوم عاشورا کاسکیورٹی پلان مرتب کرلیا
اسلام آباد امام بارگاہ جامعہ الصادق میں یومِ علی اصغر منایا گیا۔ تقریب میں سبز پوش کمسن عزادار اور معصوم بـچوں نے اپنی ماؤں کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقع پر عالمہ ام رباب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مائیں اس روز بچوں کو امام زمانہ علیہ السلام کی نصرت اور مدد کے لئے ان کی حفاظت میں دیتی ہیں اور اس بات کا عہد کرتی ہیں کہ ظہور کے وقت ان کا فرزند امام زمانہ (عج) کا سپاہی بن کر آپ کا ساتھ دے گا۔ تقریب میں قاری پارٹی نے نوحہ خوانی کی۔ تقریب کے اختتام پر عہد نامہ امام زمانہ (عج) پڑھا گیا۔
کراچی میں مسجد وامام بارگاہ محمدی ڈیرہ ملیر، جعفرطیار سوسائٹی ، مسجد وامام بارگاہ مدینتہ العلم گلشن اقبال اور سولجر بازار میں عالمی یوم علی اصغر ؑ کے موقع پر شیر خوار بچوں کی عزاداری کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئےجن میں شہر بھر سے ہزاروں سے ننھے عزادار سبز پوش ہوکر شریک ہوئے ۔







