لبنان کی وزارت خارجہ کی اسرائیلی حملے پر سلامتی کونسل میں درخواست
شیعیت نیوز: لبنان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان پر ہونے والے حملے کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شکایت کریں گے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب اسرائیل کا لبنان پر حملہ لبنان کی ارضی سالمیت ، اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے مقبوضہ فلسطین سے ملنے والے جنوبی لبنان کے سرحدی علاقے حرجیہ پر حملہ کیا۔ جبکہ اس سے قبل بھی جنوبی لبنان میں دھماکے کی آواز سنائی دی۔
بعض غیر سرکاری رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ غاصب صیہونی حکومت نے ایف سولہ جنگی طیاروں سے کئے۔
یہ بھی پڑھیں : حماس کی لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کو اسرائیل پر حملوں پر مبارک باد
دوسری جانب لبنان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل پر لبنان کی سرزمین پرجاری حملے روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔
رپورٹ کے مطابق لبنان کے قائم مقام وزیراعظم حسان دیاب نے جمعہ کے روز ایک بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر لبنان پر فضائی حملے روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے لبنان کی مختاری کی بار بار خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ عالمی برادری صیہونی ریاست کو لبنان پرحملے روکنے کے لیے تل ابیب پر دباؤ ڈالے۔
حسان دیاب نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے لبنان پر حملے اقوام متحدہ کی جنگ بندی سے متعلق قرارداد 1701 کی کھلی خلاف ورزی اور لبنان کی سالمیت اور خود مختاری کو پامال کرنے کی کوشش ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنان کے مختلف علاقوں پر فضائی حملے کیے ہیں جب کہ دوسری طرف لبنان حزب اللہ نے اسرائیلی ریاست کو راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔







