اہم ترین خبریںپاکستان

محرم الحرام کی آمد، آئی جی گلگت بلتستان کی مختلف مکاتب فکر کےعلماء کے ساتھ بیٹھک

شیعیت نیوز : گلگت بلتستان میں محرم الحرام کے دوران بین المسالک ہم آہنگی، مثالی امن و امان، مذہبی رواداری اور باہمی اخوت کے فروغ کو یقینی بنانے کیلئے جاری اقدامات کے تسلسل میں انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد سعید وزیر کی جانب سے گلگت بلتستان کے تینوں ڈویژنز کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء و عمائدین پر مشتمل امن کمیٹیز کے ساتھ سنٹرل پولیس آفس گلگت بلتستان میں ایک اہم مشترکہ اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں دیامر استور، گلگت اور بلتستان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے مختلف مکاتب فکر سے وابستہ علماء و عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر آئی جی پی گلگت بلتستان محمد سعید وزیر نے اجلاس کے تمام معزز شرکاء کی تشریف آوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امن کیلئے مخلص علماء کرام، عمائدین و عوام علاقہ کی جانب سے حکومت سے بھرپور تعاون کے باعث گلگت فرقہ ورانہ کشیدگی کے دلدل سے نکلنے لگا ہے، جسے پائیداریت اور دوام بخشنے کے لئے ہم سب کو اپنا مخلصانہ کردار فعال انداز میں مزید بھی جاری رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے صفوں میں سے کوئی ایسی حرکت نہ کر پائے جس سے مذہبی ہم آہنگی اور امن کو دھچکہ لگے۔

یہ بھی پڑھیں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی نومنتخب ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی سے ملاقات

انہوں نے کہا کہ امن اور بھرپور تحفظ کا احساس ہر انسان کی بنیادی ضرورت اور حق ہے اور کسی بھی علاقے کی تعمیر و ترقی کا عمل امن و امان کے ساتھ مشروط ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کو یقینی بناکر ہی گلگت بلتستان کی سیاحت و روزگار کو فروغ جبکہ جہالت اور پسماندگی کو شکست دی جا سکتی ہےجس کیلئے عوام الناس، پولیس اور دیگر سرکاری ملازمین کو اپنے اپنے حصے کا کردار و زمہ داری دیانتدارانہ انداز سے ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

آئی جی پی نے مزید کہا کہ پولیس کی صفوں میں موجود بعض کمزوریوں پر میری گہری نظر ہے اور ان خامیوں کو دور کرکے گلگت بلتستان پولیس کو اپنے سماجی کردار اور پیشہ ورانہ زمہ داریوں کو بہتر طور پر انجام دینے کے قابل بنانا میری اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر امن کمیٹی کی جانب سے علماء و عمائدین نے آئی جی کی جانب سے سنٹرل پولیس آفس کی سطح پر تمام اضلاع اور مکاتب فکر کے زعماء پر مشتمل چیدہ چیدہ اراکین امن کمیٹی کو محرم الحرام کے دوران امن و بھائی چارگی کے عمل کو موثر طور پر برقرار رکھنے کی غرض سے مدعو کئے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک بہترین آغاز قرار دیا۔

اجلاس میں شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے اپنی اپنی تجاویز دیں اور محرم الحرام کے دوران پائیدار امن اور بھائی چارگی کے فروغ کیلئے ہر سطح پر بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر یوم شہدائے پولیس کی مناسبت سے ملک کے طول و عرض پر قانون کی بالادستی اور داخلی امن و امان کی خاطر جانوں کا نذرانہ دینے والے پولیس شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اجتماعی فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ آئی جی گلگت بلتستان نے علماء اور عمائدین کی تجاویز کو ٹھوس مدلل اور بصیرت پر مبنی قرار دیتے ہوئے بعض فوری نوعیت کے امور و تجاویز کی روشنی میں متعلقہ ریجنل پولیس افسران کو موقع پر ہدایات بھی جاری کر دیں۔ اس دوران ان کے ہمراہ محمد افضل محمود بٹ DIG ہیڈ کوارٹرز، اویس احمد DIG دیامر استور رینج، ڈاکٹر میاں سعید DIG گلگت رینج، طفیل احمد میر DIG بلتستان رینج اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button