مقبوضہ فلسطین

عالمی برادری کی غفلت نے اسرائیل کو بدمعاش ریاست بنا دیا، ریاض منصور

شیعیت نیوز: اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مندوب ریاض منصور نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کےبنیادی حقوق کی سنگین پامالیوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں پر اسرائیل کو کھلی چھوٹ دینے اور اس کا مواخذہ نہ کیے جانے کے عالمی طرز عمل نے اسرائیل کو’بدمعاش‘ ریاست بنا دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی قیادت کولکھے گئے مکتوب میں ریاض منصور کا کہنا تھا کہ اسرائیل اقوام متحدہ کے معاہدوں، جنیوا معاہدے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل ،اقوام متحدہ اورعالمی برادری کی طرف سے اسرائیل کو کھلی چھوٹ دینے کے نتیجے میں اس کے جرائم میں اضافہ ہوا ہے۔

ریاض منصور نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس، سلامتی کونسل کے صدر فرانس، جنرل اسمبلی کے صدر اور دیگر سینیر عہدیداروں کو مکتوب ارسال کیے ہیں۔

ان مکتوبات میں انہوں نے اقوام متحدہ کی قیادت کو فلسطین کی موجودہ صورت حال، القدس میں کشیدگی، عالمی قراردادوں کی سفارتی اور سیاسی اہمیت ان پر عمل درآمد، قضیہ فلسطین کے حل کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین پرعمل درآمد اور دیگر امور پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : الجزائری کھلاڑی کا اسرائیلی جوڈوکا سے کھیلنے سے انکار، وطن واپس

ان کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری باتوں کے بجائے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے اسرائیلی ریاست کے مظالم پر خاموشی اختیار کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی نے اسرائیل کو جرائم کی کھلی چھوٹ دے دی  ہے۔

دوسری جانب صیہونی حکومت کے ڈرون طیاروں نے غزہ کے شمال مشرقی علاقے خان یونس پر ڈرون حملہ کیا ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے ڈرون طیاروں نے یہ حملہ غزہ سے ملحق صیہونی کالونیوں پر آتشیں بالون پھینکے جانے کے جواب میں کئے ۔

فلسطینی ذرائع نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی رپورٹ نہیں دی ہے۔

اس سے قبل صیہونی حکومت کے وزیرجنگ نے غزہ سے آتشیں بالون پھینکے جانے پر متنبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس قسم کے حملوں پر ہوائی حملے کئے جائیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button