رہبر انقلاب اسلامی کا شامی مہاجر کیمپوں میں موجود متعدد فلسطینیوں کے پیغام کا شکریہ
شیعیت نیوز: رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے شام کے مہاجر کیمپوں میں آباد فلسطینیوں کے پیغامات پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
غزہ کی 12 روزہ جنگ میں فلسطینی استقامتی محاذ کی کامیابی پر شام کے مہاجر کیمپوں ميں مقیم مہاجرین کی ایک بڑی تعداد نے رہبر انقلاب اسلامی کے نام پیغامات ارسال کئے تھے جن میں سیف القدس معرکے میں فلسطینوں کی مدد و حمایت پر رہبر انقلاب اسلامی، حکومت اور ملت ایران کی قدردانی کی گئی تھی۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر میں شعبۂ بین الاقوامی امور کے سربراہ حجت الاسلام محسن قمی نے فلسطین و ایران دوستی کی انجمن کے صدر ’’محمد البحیصی‘‘ کے نام ایک مراسلے میں رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے فلسطینی مہاجرین کا شکریہ ادا کیا اور سیف القدس کاروائی کو استقامتی محاذ کی بھرپور طاقت کی ایک چھوٹی سی جھلک قراردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حشدالشعبی عراق کے امن و استحکام کی ضامن ہے، فالح الفیاض
بیان میں فلسطینیوں کے اتحاد ویکجہتی اور استقامت و پایداری کی قدردانی کے ضمن میں کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کی نسل پرستی اور طاقت کے مظاہرے کا دور گزر گیا اور اب فلسطین کی آزادی اور قدس شریف کی غاصبوں کے چنگل سے رہائی کی باری ہے۔
حجۃ الاسلام محسن قمی نے اس خط میں کہا کہ مسجد اقصی اور سرزمین قدس سے تعلق رکھنے والے پُرجوش فلسطینی عوام کے بہادر دفاع نے اس بار تمام فلسطینی علاقوں کے عوام کے اتحاد اور تمام مزاحمتی گروپوں کے قابل ستائش ہم آہنگی سے اس بات کا مظاہرہ کیا کہ غاصب اور نسل پرست صہیونیوں کے تسلط اور اقتدار کا دور ختم ہوچکا ہے اور اس مقدس سرزمین پر قبضہ کرنے والے افراد کی شکست اور القدس کی آزادی کا دور آچکا ہے۔
حجۃ الاسلام محسن قمی نے خط میں مزید لکھا کہ فلسطینی عوام نے باہمی اتحاد و یکجہتی کے ساتھ مسجد الاقصی کا دفاع کرکے اپنی استقامت اور پائداری کا شاندار ثبوت فراہم کیا اورثابت کردیا کہ اسرائیلی کی جعلی اور غاصب حکومت کا زوال قریب پہنچ گيا ہے۔







