مقبوضہ فلسطین

فلسطینی مجاہد رہنما احمد جبریل کو سپردخاک کردیا گیا، حماس کا اظہار تعزیت

شیعیت نیوز: عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے سربراہ احمد جبریل کو شام کے دارالحکومت دمشق میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

احمد جبریل کی آخری رسومات میں فلسطینی تنظیموں کے نمائندوں، عوامی رہنماؤں اور فلسطین اور شام کے اعلی سرکاری عہدیداروں نے شرکت کی۔

احمد جبریل المعروف ابوجہاد کا شمار قدیم ترین فلسطینی مجاہدین میں ہوتا ہے۔ وہ سن انیس سو سڑسٹھ میں قائم ہونے والے عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے بانی و سربراہ تھے اور اپنی موت تک اس عہدے پر فائز رہے۔ وہ صیہونی حکومت کے خلاف مسلح جد و جہد کی کامیابی پر یقین رکھنے والے فلسطینی رہنماؤں سے ایک تھے۔

احمد جبریل کے انتقال پر رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای اور عالم اسلام کے دیگر رہنماؤں نے تعزیتی پیغامات جاری کئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا فلسطینیوں کے املاک کی مسماری پر اظہار تشویش

دوسری جانب اسلامی مزاحمتی تحریک ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے پاپولرفرنٹ کے بانی اور جماعت کے سرکردہ رہنما احمد جبریل کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حماس رہنما اسماعیل ھنیہ نے پاپولر فرنٹ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل طلال ناجی سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے احمد جبریل کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے مرحوم احمد جبرئیل کی فلسطینی قوم کے لیے خدمات اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

اسماعیل ھنیہ نے مرحوم احمد جبریل کے صاحب زادے سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت میں ان کے والد کی وفات پر ان سے تعزیت کی اور مرحوم کی خدمات کو سراہا۔

خیال رہے کہ فلسطینی گوریلا تنظیم پاپولرفرنٹ کے بانی احمد جبریل بدھ کے روز دمشق میں وفات پا گئے تھے۔ ان کی عمر83 سال تھی۔

احمد جبرئیل نے 53 سال قبل اسرائیل کے خلاف گوریلا جدوجہد کے لیے پاپولر فرنٹ برائے آزادیِ فلسطین جنرل کمان (پی ایف ایل پی جی سی ) کے نام سے تنظیم قائم کی رکھی تھی۔

اس تنظیم نے 1970 اور 1980ء کی دہائیوں میں اسرائیل کے خلاف مزاحمتی جنگ میں دوسرے گوریلا گروپوں کے ساتھ مل کر اہم کردار ادا کیا تھا۔ پاپولر فرنٹ نے شام میں سنہ 2011ء سے جاری خانہ جنگی کے دوران میں صدر بشارالاسد کی حکومت کی کھل کر حمایت کی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button