دنیا

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا فلسطینیوں کے املاک کی مسماری پر اظہار تشویش

شیعیت نیوز: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے وادی اردن کے شمالی علاقے حمصہ الفوقا کے مقام پر قابض اسرائیلی حکام کے ہاتھوں فلسطینیوں کے گھروں اور دیگر املاک کی مسماری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

نیویاک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یو این سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوگریک نے کہا کہ فلسطینیوں کی املاک کی مسماری بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ اس طرح کے اقدامات سےجغرافیائی طور پر قابل قبول فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ہونے والی کوششوں کو شدید دھچکا لگے گا۔

گوٹیرس کے ترجمان نے قابض اسرائیلی حکام پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کی املاک اور گھروں کی مسماری اور غرب اردن میں فلسطینی املاک پر غاصبانہ قبضے کا سلسلہ روکیں۔

ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی حکام نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق مرکز’اوچا‘ اور دوسری غیر سرکاری تنظیموں کو حمصہ الفوقا کے مقام تک رسائی کی اجازت دینے سے روک رہے جس کے نتیجے میں یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ حمصہ الفوقا کے مقام پرمکانات کی مسماری سے متاثر ہونے والے فلسطینیوں کو کس نوعیت کی مشکلات درپیش ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : نابلس اور جنین میں جھڑپوں کے دوران دسیوں فلسطینی زخمی

دوسری جانب اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ایک تفتیش کار نے کہا ہے کہ غرب اردن میں صیہونی آبادکاری اور غیرقانونی یہودی بستیوں کا قیام جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

انہوں نے یہ بات سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

مائیکل لنک مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی رابطہ کار بھی ہیں۔

مائیکل لنک نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی یہودی بستیوں کا قیام جنگی جرائم کے مترادف ہے، عالمی برادری کو اسرائیل پر یہ بالکل واضح کر دینا چاہیے کہ وہ قبضے کا مرتکب ہو رہا ہے، اسرائیل کو کسی صورت بے لگام نہیں چھوڑا جاسکتا۔

دوسری جانب عالمی ادارے کی ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس کے دوران غاصب اسرائیل نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔

صیہونی ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نہ تو مائیکل لنک کو دیے گئے تفتیشی اختیارات کو تسلیم کرتا ہے اور نہ ہی ان کے ساتھ کوئی تعاون کرنا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ مائیکل لنک کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی صورت حال کی چھان بین اور اس سے متعلق خصوصی رابطہ کار کے طور پر ایک جامع رپورٹ کی تیاری کا کام جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل نے سونپا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button