اہم ترین خبریںمقبوضہ فلسطین

اسرائیل کا غزہ پر اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے ٹھکانے پر فضائی حملہ

شیعیت نیوز: اسرائیل کے جنگی طیاروں نے بدھ کی صبح کو غزہ پر اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ کے ٹھکانے پر فضائی حملہ کیا ہے ۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے جنگی طیاروں نے بدھ کی صبح کو غزہ کے جنوب میں واقع خان یونس علاقہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ٹھکانے پر بمباری کی ہے۔

فلسطینی ذرائع کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں پر بھی اسرائیلی طیاروں نے بمباری کی ۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ غزہ کے قریب یہودی بستیوں پر چھوڑے گئے آگ کے غباروں کے جواب میں اسرائیل نے غزہ پر بمباری کی ہے۔

ذرائع کے مطابق حالیہ 12 روزہ جنگ کے بعد اسرائیل کا غزہ پر یہ پہلا فضائی حملہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : قطیف میں مظاہرے میں شرکت کرنے کے جرم میں سعودی شیعہ نوجوان کو پھانسی

دوسری جانب قابض اسرائیلی ریاست کی سرپرستی میں مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں کے اشتعال انگیز فلیگ مارچ کے رد عمل میں غزہ کی پٹی سے سرحد کی دوسری جانب فلسطینیوں نے آتش گیر غبارے چھوڑے جس کے نتیجے میں کالونیوں میں 10  مقامات پرآگ بھڑک اٹھی۔

اسرائیل کے عبرانی ٹی وی چینل  کے مطابق غزہ کی پٹی سے چھوڑے گئے آتش گیر غباروں سے دس مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔

عبرانی ٹی وی چینل کے مطابق انتہا پسند یہودیوں نے بیت المقدس میں کل منگل کے روز فلیگ مارچ شروع کیا۔ اس مارچ کے رد عمل میں غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں نے آتش گیر غبارے چھوڑے جن سے دس مقامات پر آگ لگ گئی۔

ادھر غزہ کی پٹی کی سرحد کے قریب فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے آنسوگیس کی شیلنگ کی اور سرحدی باڑ کےقریب واقع مقامات پر فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا استعمال کیا۔

غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان زخمی ہوگیا جسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button