دنیا

اسلامو فوبیا اور نسلی تعصب حقیقت ہیں، کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو

شیعیت نیوز : کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ اسلامو فوبیا ایک حقیقت ہے، نسلی تعصب بھی ایک حقیقت ہے۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اونٹاریو میں جاں بحق افراد کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور وہاں موجود افراد سے خطاب بھی کیا۔

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ لندن میں مسلم خاندان پر حملہ افسوسناک اور دہشت گردی ہے جب کہ اس حادثے پر تمام کینیڈین افسردہ ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اس حملے میں زندہ بچ جانے والے بچے کے ساتھ پورا کینیڈا کھڑا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تین نسلوں کے قتل کے غم کو کم کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں، ایسے الفاظ نہیں کہ تکلیف اور کمیونٹی کے غم و غصے کو کم کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : شام، حمص میں دھماکہ، لاذقیہ پر ناکام اسرائیلی جارحیت

کینیڈین وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ خطرات کا شکار کمیونیٹیز کا تحفظ کیا جائے گا، منافرت کا مقابلہ کریں گے، دائیں بازو کے انتہا پسند گروہوں کو دہشت گردوں کی فہرست میں ڈالا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم مل کر ایکشن لیں گے، اکھٹے آگے بڑھنے کا راستہ نکالیں گے، مسلم کمیونٹی نے اس شہر کو مضبوط کیا، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ آپ اکیلے نہیں، تمام کینيڈینز آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمارے درمیان یہ معاہدہ تھا کہ بطور کینيڈین ہم سب ایک دوسرے کا خیال رکھیں گے، مسلم کینیڈینز کے لیے یہ معاہدہ کئی بار توڑا گیا۔

مقتول پاکستانی فیملی کے زندہ بچ جانے والے بچے کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ اس معصوم بچے کے مستقبل کے حوالے سے الفاظ نہیں، اس واقعے نے معصوم بچے کے مستقبل کو چھینا۔

وزیر اعظم کینیڈا نے کہا کہ جان لیں، آپ تنہا نہیں ہیں، تمام کینیڈین آپ کے ساتھ سوگ منا رہے ہیں، تمام کینیڈین آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔

واضح رہے کہ کل ایک ٹرک ڈرائیور نے پاکستانی نژاد مسلم خاندان کے 4 افراد کو ٹرک سے کچل کر جاں بحق کردیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button