ایران

ایران میں صدارتی الیکشن ، امیدواروں کے درمیان پہلا ٹی وی مباحثہ سنیچر کو ہو گا

شیعیت نیوز : ایران میں صدارتی الیکشن کے لئے، قومی نشریاتی اداروں کے ذریعے امیدواروں کی تشہیراتی مہم جاری ہے جبکہ سنیچر کو امیداواروں کے درمیان پہلا ٹی وی مباحثہ ہوگا۔

ایران میں صدارتی امیدواروں کے درمیان پہلا ٹی وی مباحثہ سنیچر کو ایران کے وقت کے مطابق شام پانچ بجے، پاکستان کے وقت کے مطابق ساڑھے پانچ بجے اور ہندوستان کے وقت کے مطابق شام چھے بجے شروع ہوگا۔

یہ ٹی وی مباحثہ جو تین گھنٹے پر مشتمل ہوگا، آئی آر آئی بی کے چینل ون اور نیوز چینل سے براہ راست نشر ہوگا۔اسی کے ساتھ مختلف ٹی چینلوں پر امیدواروں کو قرعہ اندازی کے ذریعے اپنے منشور اور پروگراموں کو عوام کے سامنے رکھنے کا برابر سے موقع دیا گیا ہے۔

صدارتی امیدوار سید ابراہیم رئیسی نے آئی آر آئی بی کے چینل تین پر ملک کے نوجوانوں کے ساتھ بات چیت کے پروگرام کی ریکارڈنگ کے موقع پر کہا کہ صداقت پہلی چیز ہے جس کی حکومت سے عوام کو توقع ہے۔ انھوں نے اسی کے ساتھ اخلاقی اصولوں کی پابندی، عدل و انصاف اور عوام کی مشکلات و مسائل کے حل میں معقولیت سے کام لینے کو اپنی حکومت کے منشور میں شمار کیا۔

یہ بھی پڑھیں : فلسطینیوں کی عسکری صلاحیت حیران کن، اسرائیل حماس کا کچھ نہیں بگاڑ سکا، روس

ایران کے ایک اور صدارتی امیدوار امیر حسین قاضی زادہ ہاشمی نے آئی آر آئی بی کے نیوز چینل کے ایک پروگرام میں بے روزگاری کے خاتمے، قیمتوں کے کنٹرول اور مہنگائی سے مقابلے کو اپنی حکومت کے اولین پروگراموں میں شمار کیا ۔

تیرھویں صدارتی الیکشن کے ایک امیدوار علی رضا زاکانی نے آئی آر آئی بی کے چینل دو کے ایک پروگرام میں زرمبادلہ کی قیمتوں کے کنٹرول کو اپنی حکومت کے بنیادی منصوبوں میں شمار کیا۔ انھوں نے اسی کے ساتھ عوام کے کمزور طبقات کی حمایت پر زور دیا اور کہا کہ اس طبقے کو ملک کے سرمائے میں حصہ دیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس گاڑی نہیں ہے انہیں ماہانہ پندرہ لیٹر پیٹرول کی قیمت ادا کی جائے گی۔ انھوں نے اسی کے ساتھ زراعت کے فروغ کو بھی اپنی حکومت کے منصوبوں میں شمار کیا۔

ایران کے تیرھویں صدارتی انتخابات کے دیگر امیدواروں عبدالناصر ہمتی، محسن رضائی ، ڈاکٹر سعید جلیلی، محسن مہر علی زادہ وغیرہ نے بھی آئی آر آئی بی کے مختلف چینلوں پر اپنے منشور اور الیکشن جیتنے کی صورت میں عوام کی مشکلات حل کرنے کے طریقوں اور بنیادی پروگراموں اور منصوبوں کی تشریح کی۔

قابل ذکر ہے کہ کورونا کی وجہ سے صدارتی امیدوار جلسے اور ریلیوں سے گریز کررہے ہیں اور اپنی انتخابی مہم قومی نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مختلف ریڈیو اور ٹی وی چینلوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے چلارہے ہیں۔ آئی آر آئی بی کے چینلوں پر سبھی امیدواروں کو مساویانہ طور پر وقت دیا جارہا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button