نجف اشرف،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی مرجع تقلید جہاں تشیع آیت اللہ حافظ بشیر نجفی سے ملاقات
شیعیت نیوز: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عراق کے مقدس شہر نجف اشرف میں مقیم پاکستان سے تعلق رکھنے والے بزرگ مرجع تقلیدحضرت آیت اللہ آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں اتحاد بین المسلمین، زائرین کو سہولیات کی فراہمی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آیت اللہ حافظ بشیر نجفی سےاظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے مابین یکساں مذہبی، تہذیبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر استوار، دو طرفہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ ہر سال دو لاکھ سے زائد پاکستانی بغداد، نجف اور کربلا میں مقامات مقدسہ کی زیارت کیلئے عراق آتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ابن زیاد کی پیروکار پنجاب پولیس کی ایک اور گھناؤنی حرکت، جھنگ کے مومنین میں اشتعال
وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت پاکستان زائرین کو سہولیات کی فراہمی کیلئے "زائرین مینجمنٹ پالیسی” اپنا رہی ہے جسے موثر بنانے کیلئے دونوں ممالک کو مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اتحاد بین المسلمین کے فروغ اور فرقہ واریت کی حوصلہ شکنی کیلئے علماء کرام کی جانب سے بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
آیتہ اللہ بشیر حسین نجفی نے وزیر خارجہ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، فلسطین میں قیام امن کیلئے شروع کیے گئے سفارتی مشن کی کامیابی پر مبارکباد دی۔







